کہیے کہیے مجھے ’’بزدل‘‘ کہیے۔۔۔تحریر نصرت جاوید


پیر کے دن برطانوی پارلیمان میں وہاں کے وزیراعظم بورس جانسن کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہوئی۔وہ اسے شکست دینے میں کامیاب رہا۔ اس کی اپنی جماعت اور اتحادی سکاٹش پارٹی کے لیکن 148اراکین نے اس کے خلاف ووٹ دئیے۔ ہمارے ہاں مروجہ اصطلاح کے مطابق گویا لوٹے ہوگئے۔منگل کی صبح اٹھ کر برطانوی میڈیا کو انٹرنیٹ کے ذریعے کنگھالا۔ جستجو تھی کہ پتہ لگاؤں کہ لوٹے ہوئے منحرف اراکین پر لندن کے کسی ریستوران یا بار میں آوازے تو نہیں کسے گئے۔ ان کے گھروں کے باہر احتجاجی مظاہروں کی امید بھی تھی۔ ایسا کوئی واقعہ لیکن میری نظر سے یہ کالم لکھنے تک نہیں گزرا تھا۔ برطانیہ کے رائے دہندگان شاید ہم جیسے غیرت مند نہیں ہیں۔ انہیں اشتعال دلانے کو عمران خان صاحب جیسی کرشماتی شخصیت بھی موجود نہیں۔ بورس جانسن کو ایسی کشش نصیب ہوتی تو اس کے خلاف ووٹ ڈالنے والے عزت وجان بچانے کے خوف سے نامعلوم مقامات پر دبک کر چھپے ہوئے ہوتے۔ پھسپھسے انداز میں انجام کو پہنچی برطانوی وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے مایوس ہوا تو مقامی خبروں کو ٹٹولنا شروع کردیا۔ سوشل میڈیا کے ذریعے خبر ملی کہ اسلام آباد کے تقریبا مرکز میں قائم نیشنل پریس کلب کے باہر ایک پریس کانفرنس ہوئی تھی۔اس پریس کانفرنس کا پیر کی شام میں نے جو ٹی وی چینل سرسری طورپر دیکھے تھے ان میں کوئی ذکر ہی نہیں تھا۔ منگل کی صبح گھر آئے اخبارات کے پلندے پر جو عاجلانہ نگاہ ڈالی تو مذکورہ پریس کانفرنس کی بابت بھی کوئی خبر نظر نہیں آئی۔جنرل ضیا کے دور میں سدھائے رپورٹر کو فورا اندازہ ہوگیا کہ آزادی اظہار کی موجودہ بہار میں بھی چند موضوعات ایسے ہیں جن کے ذکر سے گریز ہی میں عافیت ہے۔ اعزاز سید ہمارا ایک بانکا صحافی ہے۔خود کو نہایت خلوص سے میرا شاگرد بھی ٹھہراتا ہے۔میری خواہش ہے کہ مجھے اس اعزاز سے محروم ہی رکھے۔اسے پیر کی شام پریس کانفرنس سے خطاب کرنے والوں میں سے ایک صاحب نے رعونت سے خبردار کیا کہ اپنے جنازے کی تیاری کرے۔ رب کریم اعزاز سید کو حفظ وامان میں رکھے۔ جس مشن کی جانب خبردار کرنے والے صاحب گامزن ہیں اس کی کامیابی کے امکانات کو تاہم نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔عمران خان صاحب اس کی بدولت دوتہائی اکثریت کے ساتھ وزارت عظمی کے منصب پر واپس لوٹ آئے تو اعزاز سید جیسے تخریب کاروں کو لگ پتہ جائے گا۔ اکتوبر 2018میں یہ بدنصیب بھی آزادی اظہار کی حتمی علامت شمار ہوتے ٹی وی چینل سے مالیاتی بحران کی وجہ سے فارغ کردیا گیا تھا۔اپنی توجیسے تیسے گزرہی گئی۔ تھوڑی باقی رہ گئی ہے۔ وہ بھی گمنامی میں گزرہی جائے گی۔عملی صحافت کے لئے جن کے پاس کئی برس کے امکانات موجود ہیں ان کی بابت سوچتا ہوں تو دل کانپ جاتا ہے۔ بہرحال جس پریس کانفرنس کی جھلکیاں سوشل میڈیا پر چھائی ہوئی ہیں انہیں دیکھا تو 1964یاد آگیا۔ میں ان دنوں پانچویں جماعت کا طالب علم تھا۔میرے شہر لاہور میں اس برس بہت گہماگہمی تھی۔ پاکستان کے پہلے فوجی آمر فیلڈ مارشل ایوب خان عوام کے ووٹوں سے پاکستان کے صدر منتخب ہونا چاہ رہے تھے۔ عوام کو صدارتی انتخاب میں براہِ راست ووٹ ڈالنے کا حق مگر میسر ہی نہیں تھا۔ بنیادی جمہوریتکے نام پر بنائے بندوبست کے تحت عوام اپنے محلے سے کوئی رکن منتخب کرتے تھے۔ منتخب ہوا بی ڈی ممبر ہی صدارتی انتخاب میں ووٹ ڈالنے کا حقدار تھا۔ایوب خان کو قوی امید تھی کہ بی ڈی ممبربہت مشکل سے پیدا ہوئے دیدہ ور کی حمایت ہی میں ووٹ ڈالیں گے۔ان کے مقابلے میں لیکن محترمہ فاطمہ جناح اپوزیشن کی متفقہ امیدوار بن کر کھڑی ہوگئیں۔ وہ بانی پاکستان کی بہن تھیں۔ قیام پاکستان کی تحریک کے دوران انہوں نے زندگی اپنے بھائی کی خدمت گزاری کے لئے وقف کردی تھی۔اسی باعث انہیں احترام سے مادرملت پکارا جاتا تھا۔ وہ میدان میں اتریں تو اس دور کے حکمرانوں میں تھرتھلی مچ گئی۔مادر ملت کی کردار کشی کے لئے ایسی کہانیاں پھیلائی گئیں جنہیں اشاروں کنایوں میں بھی دہرایا نہیں جاسکتا۔ بالآخر ان پر غداری کی تہمت بھی لگادی گئی۔ بی ڈی ممبروں نے تاہم ایو ب خان کو خاطر خواہ اکثریت سے صدر منتخب کردیا۔ پرانے لاہور کے محلوں کی اکثریت اگرچہ مادر ملت کی شکست تسلیم کرنے کو آمادہ نہ ہوئی۔ سرکاری دھونس اور دھاندلی کی سرگوشیاں شروع ہوگئیں۔پھر یہ افواہ پھیلی کہ کراچی میں ایوب خان کی فتح کا جشن منانے ایک جلوس نکلاتھا۔ فیلڈ مارشل کے فرزند گوہر ایوب خان اس کی قیادت فرمارہے تھے۔ موصوف پاک آرمی سے بطور کیپٹن ریٹائر ہوکر کاروبار میں مصروف ہوگئے تھے۔ الزام لگا کہ ان کی قیادت میں نکلے جلوس نے مادرملت کی شکست پر افسردہ ہوئے کراچی کے لالو کھیت جسے لیاقت آباد کہا جاتا ہے میں جمع ہوئے لوگوں پر گولی چلائی تھی۔ لاہور میں اس واقعہ کی بابت افواہ پھیلی تو ہزاروں نہیں بلکہ سینکڑوں افراد پر مشتمل ایک ہجوم ریگل چوک میں جمع ہوکر ایوب حکومت کے خلاف نعرہ بازی میں مصروف ہوگیا۔پولیس نے لاٹھی چارج کے ذریعے اسے منتشر کرنے کی ٹھان لی۔میری ایک پھوپھی بیڈن روڈ رہتی تھیں۔اتفاقا میں اس روز ان سے ملنے گیا ہوا تھا۔ پولیس کے لاٹھی چارج سے بھاگ کر چند افراد اس گلی میں بھی آئے جہاں میری پھوپھو کا گھر تھا۔تھوڑا سستانے کے بعد وہ 20یا 25افراد کی ٹولی کی صورت ایک بار پھر ریگل چوک جانے کو تیار ہوگئے۔ ان کی زبان پر ایک ہی نعرہ تھا: گندھارا وہ مارا ۔مجھے اس نعرے کی ہرگز سمجھ نہیں آئی۔اپنے تئیں فرض کرلیا کہ شاید یہ گند سے نکلا ہوا لفظ ہے۔ کئی برس گزرجانے کے بعد دریافت ہوا کہ گندھارا تو تاریخی تہذیب رہی ہے۔ گوہر ایوب کا مگر اس تہذیب سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ وہ درحقیقت اس کاروباری ادارے کے کرتا دھرتا افراد میں شامل تھے جو اس نام سے چلایا جارہا تھا۔بزرگوں اور کتابوں نے یہ بھی بتایا کہ ہمارے ہاں کرپشن کے اولین دشمن فیلڈ مارشل ایوب خان نے مذکورہ ادارے کی سرپرستی فرمائی تھی۔ اس کے مالک حبیب اللہ خان خٹک تھے جو سینئر ترین جنرل ہوتے ہوئے آرمی چیف بنائے جانے کی توقع باندھے ہوئے تھے۔ایوب خان نے مگر ان کی جگہ بلوچستان کی ہزارہ برادری سے نمودار ہوئے جنرل موسی کا انتخاب کیا۔ خٹک صاحب دل برداشتہ ہوئے تو انہیں کاروبار کی جانب راغب کیا۔ مزید دلجوئی کے لئے اپنے ہونہار فرزند گوہر ایوب خان کو ان کا داماد بھی بنوادیا۔جوداستان میں نے لکھی ہے اس کا پیر کے روز ہوئی پریس کانفرنس سے کیا تعلق ہے؟ کاش مجھ میں اس کا جواب دینے کی ہمت ہوتی۔میں خود کو پورا سچ بیان کرنے کے اعزاز سے محروم رہنے ہی کو ترجیح دیتا ہوں۔ کہیے کہیے مجھے بزدل کہیے!

بشکریہ روزنامہ نوائے وقت