وہ کون ہے جس نے پارٹی سیاست میں آتے وقت جنرل حمید گل کے ساتھ یہ تحریر لکھی کہ دونوں میں سے ایک صدر اور ایک جنرل سیکرٹری ہوگا لیکن گولڈ اسمتھ سے ملاقات کے بعد واپس آکر جنرل حمیدگل کو دھوکہ دیا۔ باقی ساتھیوں سے کہا کہ پارٹی کا اعلان ایسے وقت میں کریں گے جب جنرل حمید گل مرحوم ملک میں موجود نہ ہوں اور پھر ایسا ہی کیا؟
وہ کون ہے جس کے بارے میں مولانا فضل الرحمان اور سید خورشید شاہ گواہی دیتے ہیں کہ بے نظیر بھٹو سے جارج بش سینئر نے کہا تھا کہ ہمارے بندے کا خیال رکھنا ۔
وہ کون ہے جس نے شارٹ کٹ راستے سے اقتدار میں آنے کے لئے جنرل پرویز مشرف کے مارشل لا کو ویلکم کیا اور پھر ان کی خوشنودی کے لئے وار آن ٹیرر میں امریکہ کا ساتھ دینے کی پالیسی کو سپورٹ کیا؟وہ کون ہے جس نے میاں نواز شریف کے ساتھ لندن کی اے پی سی میں شرکت اور محمود خان اچکزئی کے ہاتھ میں ہاتھ ڈال کر سیاست کی لیکن ناکامی کے بعد اپنی سیاست کی مہار مقتدر حلقوں کے ہاتھ میں دے دی؟
وہ کون ہے جس کے لئے 2010 میں اسٹیبلشمنٹ نے لاہور، پنڈی اور کراچی میں تاریخی جلسے کرائے ۔ خود بھی ان کو پیسے دیئے اور بڑے بڑے سرمایہ داروں سے بھی دلوائے؟
وہ کون ہے جس نے جنرل مشرف کے خلاف مقدمے سے ناراض ہونے والے ایک خفیہ ادارے کے سربراہ کے ایما پر طاہرالقادری اور چوہدری برادران کے ساتھ لندن پلان بنایا اور اس پلان کے تحت اسلام آباد میں دھرنے دے کر چین کے صدر کے دورہ پاکستان میں رکاوٹ ڈالی؟
وہ کون ہے جس نے اپنے دھرنوں کے دوران سول نافرمانی کا اعلان کیا، بجلی کے بل جلائے، پی ٹی وی اور پارلیمنٹ پر حملے کرائے لیکن ناکامی کے بعد پھر اسی پارلیمنٹ میں چلا گیا؟
وہ کون ہے جو پہلے چیئرمین نیب جاوید اقبال کو برے الفاظ سے یاد کرتا رہا لیکن جب نیب ان کی پارٹی میں لوگوں کو شامل کروانے کے لئے استعمال ہونے لگا تو وہ اسی چیئرمین اور نیب کی تعریفیں کرنے لگا؟
وہ کون ہے جس کے لئے الیکشن میں آر ٹی ایس سسٹم فیل کروایا گیا اور پولنگ ایجنٹوں کو باہر نکال کر ٹھپے لگوا کر درجنوں ایسے لوگوں کو کامیاب قرار دلوایا گیا جو دوسرے بھی نہیں بلکہ تیسرے نمبر پر آئے تھے؟
وہ کون ہے جو حکومت میں آنے سے قبل آزاد میڈیا کا بڑا مداح تھا لیکن اقتدار ملتے ہی آزاد میڈیا کا دشمن بن گیا اور پیکا ترمیمی آرڈیننس جیسے ڈریکونین قوانین بنائے؟
وہ کون ہے جس نے مغرب کے ایجنڈے کے تحت اقتدار میں آنے کے بعد چین کے ساتھ تعلقات خراب کئے ، سی پیک پر عملاً کام روک دیا اور اپنے وزرا سے سی پیک کے خلاف بیانات دلوائے؟وہ کون ہے جس نے باری باری سعودی عرب، ترکی، ایران اور ملائشیا کو ناراض کیا۔ ملکی معیشت کی مہار آئی ایم ایف کے حوالے کی؟
وہ کون ہے جس نے ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے بعد بھنگڑے ڈالے ۔ ملک واپس آکر جشن منایا اور ایسا ماحول بنایا گویا امریکہ اور پاکستان ہر معاملے پر یک زبان ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے چین ناراض اور روس بددل ہوا لیکن پھر آخر میں روس جاکر یورپ کو ناراض کیا؟
وہ کون ہے جس نے کشمیر کے معاملے میں ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی کا جشن منایا۔ ایک مسخرے کو امور کشمیر کا وزیر اور دوسرے کو کشمیر کمیٹی کا چیئرمین بنایا اور جب مودی نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرکے اسے ہڑپ کیا تو جواب میں محض کشمیر ہائی وے کا نام تبدیل کیا؟
وہ کون ہے جس نے اپنے محسن جنرل قمر جاوید باجوہ کی ایکسٹینشن کے ایک نوٹیفکیشن کو جان بوجھ کر ایسا متنازعہ بنایا کہ معاملہ نہ صرف عدالتوں تک گیا بلکہ اس کے لئے پارلیمنٹ میں نئی قانون سازی بھی کرنی پڑی۔
وہ کون ہے جس نے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کو جادو ٹونے اور خوابوں کی نذر کرکے متنازعہ بنایا اور کئی پیشہ ور جرنیلوں کے تبادلے کو لمبے عرصے تک لٹکا کر فوج کو تماشہ بنائے رکھا؟ وہ کون ہے جس نے پی ٹی ایم کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنے چار پختون وزرا کو آئی ایس پی آر کے ایک افسر کے حوالے کیا تھا ۔ وہ افسر ہر صبح ان وزرا کی ڈیوٹی لگاتا کہ کس نے پی ٹی ایم کے خلاف کہاں اور کیا کہنا ہے ؟وہ کون ہے جو خوابوں کی بنیاد پر اہم قومی اور اسٹرٹیجک فیصلے کرتا رہا اور جس نے پنجاب کو فرح خان کے کہنے پر بزدار اور پختونخوا کو مراد سعید کے کہنے پر بزدار پلس کے حوالے کیا۔وہ کون ہے جس نے اقتدار میں آنے کے بعد پاکستانی سیاست میں انتقام، گالی اور بدزبانی کے کلچر کو فروغ دیا؟
وہ کون ہے جس نے زرداری کے ساتھ مل کر پہلے بلوچستان کی حکومت گرائی اور پھر دونوں نے مل کر اسٹیبلشمنٹ کی مرضی کا چیئرمین سینیٹ لگوا یا؟وہ کون ہے کہ جب اس کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا گیا تو اس کے ممبران اسےووٹ دینے کے لئے تیار نہیں تھے لیکن ادارے پکڑ پکڑ کر ان کو لاتے اور عمران خان کے حق میں ووٹ ڈالنے پر مجبور کرتے رہے۔
وہ کون ہے جو ایجنسیوں کی سپورٹ کے بغیر احتجاج نہیں کرسکتا اور جب اسٹیبلشمنٹ نے اپنی غیرآئینی بے ساکھیاں ہٹا دیں تو دو دن کے لئے اپنا اقتدار بھی نہ بچا سکا۔
وہ کون ہے جو ساڑھے تین سال تک ایک پیج ایک پیج کی رٹ لگا کر مخالفین اور میڈیا کو فوج سے لڑاتا رہا۔وہ کون ہے کہ جب اسے محسوس ہوا کہ اس کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش ہونے جارہی ہے اور ان کو لانے اور بچانے والے آئین کے مطابق نیوٹرل ہوگئے ہیں تو اپنے اقتدار کو بچانے کے لئے زرداری کی منتیں کرتا رہا ؟
وہ کون ہے کہ جو کبھی ایٹمی پروگرام کو غیرمحفوظ قرار دے کر ، کبھی پاکستان کے تین ٹکڑوں میں تقسیم ہونے کی واہیات پیش گوئیاں اور کبھی فوج میں پھوٹ کی باتیں کرکے انڈیا جیسے دشمنوں کا کام آسان کررہا ہے۔وہ کون ہے جو خود تو جیل جانے سے ڈرتا ہے لیکن کبھی دھرنوں کے نام پر، کبھی لاک ڈاؤن کے نام پر اور کبھی خونی مارچ کے نام پر دوسروں کے بچوں کو گولیوں اور لاٹھیوں کے سامنے کھڑا کرتا ہے ؟
جی ہاں اس کا نام عمران احمد خان نیازی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ