مختلف فورمز پر پاکستان اور ترکی یکساں موقف رکھتے ہیں،رجب طیب اردوان


انقرہ(صباح نیوز)ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ مختلف فورمزپر پاکستان اور ترکی یکساں موقف رکھتے ہیں، دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے پرعزم ہیں۔

صدارتی محل میں وزیراعظم شہباز شریف سے ون آن ون اور وفود کی سطح کی ملاقات کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رجب طیب اردوان نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف سے عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا، مختلف فورمزپر پاکستان اور ترکی یکساں موقف رکھتے ہیں،

دونوں ممالک کے درمیان قریبی دوستانہ تعلقات ہیں،  دونوں ممالک دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے پرعزم ہیں،انہوں نے کہا کہ بحری جہازوں کی تیاری میں پاکستان کو ہرممکن تعاون فراہم کررہے ہیں، عوام کی خوشحالی کیلئے اقتصادی تعاون ترجیح ہے، عالمی فورمز پر پاکستان کی بھرپور حمایت پر شکر گزار ہیں

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ  پرتپاک استقبال پر ترک قیادت کے شکر گزار ہیں، ترک قیادت سے مختلف شعبوں میں مذاکرات ہوئے، ترک صدر سے ملاقات انتہائی مثبت رہی  پاکستان ترکی کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے انہوں نے کہاکہ پاکستان اور ترکی کی اعلی قیادت سے آئندہ ملاقات ستمبر میں اسلام آباد میں ہو گی، ای کامرس، تعلیم، انفراسٹرکچر کے شعبے میں ترکی کے تجربات سے استفادہ کریں گے، مختلف شعبوں میں ترک سرمایہ کاروں نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے مذاکرات ہوئے۔انہوں نے مزید کہا کہ ترک صدر سے مذاکرات اور ملاقات مثبت رہی

دونوں ممالک کے درمیان مذہبی،ثقافتی اور تاریخی تعلقات ہیں، دفاعی شعبے میں دونوں ممالک کا تعاون قابل ستائش ہے، تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے مذاکرات ہوئے، پاکستان امن کا خواہاں ہے اور خطے میں امن کیلئے کام کرتا رہے گا۔ رواں سال دونوں برادر ملک سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام مسئلہ کشمیرپر ترکی کے واضح موقف پر مشکور ہیں، بھارت نے مقبوضہ وادی کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کی، پاکستان پرامن اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ای کامرس، ٹور ازم، تعلیم کے شعبوں میں ترکی نے زبردست ترقی کی پاکستان اور ترکی کو کئی یکساں چیلنجز کا سامنا ہے، ترکی کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیں،اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کے اعزاز میں ترک ایوان صدر میں باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی۔ جہاں پر ان کا ترک صدر نے وزیراعظم کا شاندار استقبال کیا۔

وزیراعظم جو ترکی کے تین روزہ سرکاری دورہ پر ہیں، صدارتی محل پہنچے تو ترک صدر رجب طیب اردوان نے ان کا نہایت پرتپاک خیرمقدم کیا۔اس موقع پر پاکستان اور ترکی کے قومی ترانے بجائے گئے اور وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ترک صدر رجب طیب اردوان اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے اپنے وفود کے ارکان کا تعارف کرایا۔