یاسین ملک کی سزانے بھارتی حکومت کی سیاسی دہشت گردی کو عیاں کردیا، خواتین رہنما جماعت اسلامی


اسلام آباد(صباح نیوز)حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی رہنماؤں نے کہا ہے کہ یاسین ملک کو عمرقید کی سزانے بھارتی حکومت کی سیاسی دہشت گردی کو عیاں کردیا۔

حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی رہنما سابق ایم این اے عائشہ سید، وائس پریذیڈنٹ حلقہ خواتین جماعت اسلامی شمالی پنجاب نزہت بھٹی، رخسانہ غضنفر اور ناظمہ ضلع اسلام آباد نصرت ناہید نے حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک اور بیٹی سے ان کے گھر جاکر ملاقات کی۔

اس موقع پر عائشہ سید نے کہا کہ یاسین ملک پر ناجائز مقدمے کے ذریعے دی جانے والی عمر قید کی سزا نے بھارتی حکومت کی سیاسی دہشت گردی کو عیاں کردیاہے۔بھارت بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کا مرتکب ہورہا ہے۔

بھارتی عدالت نے یاسین ملک کے خلاف جھوٹے مقدمے میں ناانصافی پر مبنی سزا دے کر دہرامعیار پیش کیا ہے۔ غاصب قابض بھارتی فوج کے خلاف آزادی کی جنگ لڑنا ہر کشمیری کا حق ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اقوام عالم خصوصا اقوام متحدہ کو کشمیریوں پر مظالم کا نوٹس لینا چاہیے، اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کاذمہ دار ہے۔

وائس پریذیڈنٹ اور نگران میڈیا سیل حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ پنجاب شمالی نزہت بھٹی نے مشعال ملک کو تسلی دیتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی کشمیریوں کی ماں ہے۔پچھلے ستر سالوں سے جماعت اسلامی کشمیریوں کے حقوق کے لیے ممکنہ فورمز پر آواز اٹھا رہی ہے اور جماعت اسلامی کشمیریوں کے ساتھ اس وقت تک کھڑی رہے گی جب تک کہ بھارت کے غاضبانہ تسلط سے کشمیر کو آزاد نہ کروا لے۔