قوم مجرموں کے ہاتھوں مہنگائی کا بڑا طوفان بھگتے گی ،عمران خان


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں %20 یا 30روپے فی لٹر اضافے، جوہماری تاریخ کا سب سے بڑا یکمشت اضافہ ہے، کے ساتھ قوم نے امپورٹڈ سرکار کی بیرونی آقاؤں کی غلامی کی قیمت ادا کرنا شروع کر دی ہے، نااہل اور بے حس حکومت نے %30 سستے تیل کی خریداری کیلئے روس سے ہمارا سودا حاصل نہیں کیا۔

ان خیالات کااظہار عمران خان نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ اس کے برعکس امریکہ کے سٹرٹیجک شراکت دار بھارت نے روس سے سستا تیل خرید کر ایندھن کی قیمتوں میں 25 روپے فی لٹر کمی کی ہے۔ ہماری قوم اب مجرموں کے اس گروہ کے ہاتھوں مہنگائی کا ایک بڑا طوفان بھگتے گی۔