اسلام آباد، ڈی چو ک سے پاک سعودی ٹاور تک گندگی کے ڈھیر


اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ڈی چو ک سے پاک سعودی ٹاور تک موجود معروف کاروباری مرکز بلیو ایریااورپارلیمنٹ کو جانے والی شاہراہ جناح ایونیو پر گذشتہ رات پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان گندگی کے ڈھیر پھیلا کر گھروں کو روانہ ہوگئے،ان علاقوں کی صفائی سی ڈی اے کے عملے کے لئے وبال جان بن گئی ۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز لانگ مارچ میں شریک پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کی جانب سے آگ لگائے جانے کے باعث گرین بیلٹ خراب ہوچکی ہے جس میں درجنوں درخت جل اور متعدد جھلس چکے ہیں جبکہ کارکنان کی جانب سے پھیلائی گئی گندگی کے باعث بلیو ایریا کے دونوں اطراف تعفن زدہ سڑکیں دیکھی جاسکتی ہیں۔

وفاقی ترقیاتی ادارے کے ملازمین کے لئے اس گندگی کو اٹھانا چیلنج بن گیا ہے جبکہ راہگیروں کا ان سڑکوں پر پیدل چلنا محال ہوگیا ہے، پیدل چلنے والے راہگیروں اور بلیوایریاکے کاروباری حضرات نے مقامی انتظامیہ سے غلاظت اورگندگی کوفوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی کارکنان نے گذشتہ رات جناح ایونیوپر ایک میٹرو اسٹیشن اور گرین بیلٹ میں متعدد جگہوں پرآگ لگا دی تھی جس کی وجہ سے درجنوں درختوں کو نقصان پہنچا ہے ۔ جس پر شہریوں کی جانب سے سخت غم وغصے کا اظہار کیا جارہا ہے۔