ریڈیو پاکستان کے ڈی جی کے خلاف سینیٹر عرفان صدیقی کی تحریک استحقاق کمیٹی کے سپرد 


اسلام آباد(صباح نیوز)مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل کے خلاف تحریک استحقاق سینٹ میں پیش کر دی ۔

انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان ایک وفاقی ادارہ ہے۔ریڈیو پاکستان راولپنڈی کے ملحقہ وسیع جنگل سے سینکڑوں درخت کاٹ کر بیچ دیے گئے،جب میں نے ریڈیو پاکستان کے ڈی جی سے پوچھا تو انہوں نے درختوں کی کٹائی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ریڈیو کے مالی بحران کی وجہ سے ایسا کیاگیا ہے

سینیٹر عرفان صدیقی نے بتایا کہ انہوں نے اس سلسلے میں ایک خط سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید کو لکھا ہے۔ اس پر ریڈیو کے ڈی جی نے اپنے ماتحت اہلکاروں اور ملازمین کی یونین کے ذریعے میرے خلاف انتہائی ہتک آمیز مہم چلائی اور میری کردار کشی کی۔مجھے ہراساں کیا اور دباؤ ڈال کر اپنے فرائض کی انجام دہی سے روکا۔اس پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے رولنگ دیتے ہوئے یہ معاملہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے استحقاق کے سپرد کر دیا۔

عرفان صدیقی نے سینیٹ میں داخل کی گئی قرارداد میں کہا ہے کہ سینیٹ کے رولز 70 اور 71کے پیراگراف 13,14اور 15کے تحت ڈائریکٹر جنرل اور انکی ایما پر کردار کشی کی مہم میں شریک افراد کے خلاف ضروری کاروائی کی جائے۔