پرامن خوشحال افغانستان کیلئے فعال اور بھرپور روابط کی ضرورت ہے،حنا ربانی کھر


ڈیووس(صباح نیوز)خارجہ امورکی وزیرمملکت حناربانی کھر نے ایک پرامن ،مستحکم، جمہوری اورخوشحال افغانستان کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لئے بین الاقوامی برادری کی جانب سے مستقل، فعال اور بھرپور روابط کی ضرورت پرزوردیاہے۔

وزیرمملکت نے ان خیالات کااظہارڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر افغانستان کے مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں ہونے والے ایک اجلاس میں کیا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کوایک قریبی ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے افغانستان کے ساتھ وسیع النظری سے پیش آناہوگا جس میں امن، سلامتی اورسماجی ومعاشی ترقی شامل ہو۔حناربانی کھرنے عام افغان عوام کی زندگیوں پرمرتب ہونے والے سنگین اورتباہ کن معاشی اثرات سے متعلق پاکستان کی تشویش کااظہارکیا۔

انہوں نے زوردے کرکہاکہ بین الاقوامی برادری اورافغان حکومت دونوں کوافغان عوام کے مفادات اورخواہشات کومقدم رکھتے ہوئے اپنی حکمت عملی کاازسرنوجائزہ لینے کی ضرورت ہے۔