قانون نافذ کرنے والے ادارے اسلام آباد کے رہائشیوں کا تحفظ یقینی بنائیں گے،وزیرقانون


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے قانون کے مطابق اسلام آباد کے رہائشیوں کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔

یہ بات وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے منگل کو سینٹ میں قائد حزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم کے اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے کہی.

انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر کی بالغ النظر اور جمہوری قیادت اب وفاقی حکومت کی نمائندگی کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ جمہوری لوگ ہیں اور آئین اور قانون کو مقدم رکھنے پر یقین رکھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ آئین اور قواعد و ضوابط کے مطابق امن و امان یقینی بنایا جائے گا۔اس سے پہلے نقطہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے سینٹ میں قائد حزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم نے پنجاب اور ملک کے دوسرے حصوں میں تحریک انصاف کے رہنمائوں اور کارکنوں کے گھروں پر پولیس کے چھاپوں کی شدید مذمت کی۔

تاہم انہوں نے ایوان کو یقین دلایا کہ تحریک انصاف کا لانگ مارچ پرامن ہو گا اور ہمارے احتجاج کے راستے میں کوئی رکاوٹ نہیں کھڑی کی جانی چاہئے۔