پولیس اہلکار کی موت کے ذمہ دارحمزہ اور رانا ثناء اللہ ہیں، فواد چوہدری


اسلام آباد(صباح نیوز)سابق وزیر قانون فوادچوہدری نے کہا ہے کہ پولیس اہلکار کی موت کے ذمہ دارحمزہ اور رانا ثناء اللہ ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپربیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں رات گئے گیارہ سو گھروں پرچھاپے مارے گئے، پولیس بغیروارنٹ گھروں میں داخل ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پولیس نے خواتین اوربچوں سے بدتمیزی کی، لوگوں کوتشدد کانشانہ بنایا گیا،چار سو سے زائد کارکن زیرحراست ہیں، پولیس نے خواتین کو بھی گرفتارکیا، ایکس سروس مین اورسول اداروں سے ریٹائرڈ لوگ پولیس گردی کا نشانہ بنے۔ لاہورمیں زبردستی داخل ہونے پرپولیس کو ڈاکوسمجھ کرفائرکیا گیا، پولیس اہل کارکی موت سمیت تمام واقعات کے ذمہ دارحمزہ اوررانا ثنااللہ ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پنجابیو ڈٹ جائو !اس حکومت کو پتہ نہیں کوئی ماں کالال پنجاب کے جذبوں کو نہیں دبا سکا، پنجابیوں کے جذبے پانچ دریاؤں کی ٹھاٹھیں مارتی موجوں سے پانی لے کرجوان ہوئے ہیں، بزدلوں کا خیال ہے بندوقوں سے پنجابی ڈر جائیگا اس غلطی کی بڑی قیمت دینا ہو گی۔