عمرا ن خان ہائبرڈ وار کے ٹولز کا استعمال کر رہے ہیں، احسن اقبال


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمرا ن خان ہائبرڈ وار کے ٹولز کا استعمال کر رہے ہیں، عمران خان کو انارکی پھیلا کر سیاست کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، پاکستان میں اگلے الیکشن کا فیصلہ اتحادی حکومت کرے گی۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اداروں کے درمیان بد اعتمادی پیدا کر رہے ہیں، عمران خان کی سیاست پاکستان دشمن لابی کی سیاست ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہائبرڈ وار میں ٹارگٹ کنٹری کے اداروں کو کمزور کرنا ہوتا ہے، عمرا ن خان ہائبرڈ وار کے ٹولز کا استعمال کر رہے ہیں، عمرا ن خان 2014 سے انتشار کی کوشش کررہے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کو انارکی پھیلا کر سیاست کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، عمران خان کو آئین اور قانون کے مطابق سیاست کی اجازت ہے، پاکستان میں اگلے الیکشن کا فیصلہ اتحادی حکومت کرے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ ملک کی اینٹ سے اینٹ بجانے والوں کا حساب 4ہفتے کی حکومت نے نہیں دینا، گوادر بندرگاہ کے لیے پروپوزلز تو آگئے لیکن فنڈز نہیں دیئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ 2020 تک 9 صنعتی زونز تیارکرنے تھے ،ایک بھی نہیں ہوا، 460 ارب روپے کے منصوبوں کا 91 ارب سے کیا ہوسکتا ہے، کوئی ہمیں میلی نگاہ سے نہیں دیکھ سکتا، پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے۔

احسن اقبال نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ پی ٹی آئی نے عوام دشمن معاہدہ کیا، نئے پاکستان کی فلم ختم ہوئی تو آزادی پاکستان کی فلم شروع کردی گئی۔