نوازشریف کا چوہدری سالک کو ٹیلیفون، چوہدری شجاعت کی خیریت دریافت کی


لاہور(صباح نیوز)سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ(ن)کے قائد میاں نوازشریف نے چوہدری سالک حسین سے فون پررابطہ کرکے ان کے والد چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔

اس حوالے سے نواز شریف کا کہنا تھاکہ چوہدری شجاعت حسین وضع داری کی علامت ہیں۔اس سے قبل مریم نوازنے بھی چوہدری سالک حسین کو ٹیلی فون کرکے ان کے والد چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی،

مریم نوازنے کہا کہ ہم سب ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گوہیں۔پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی عیادت کے لیے اسپتال جا پہنچے۔حمزہ شہباز کی اسپتال آمد کے موقع پر اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی بھی موجود تھے۔

اس دوران حمزہ نے چوہدری شجاعت حسین کے صاحبزادے چوہدری سالک سے بھی گفتگو کی۔خیال رہے کہ گزشتہ روز ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے بھی چوہدری سالک کو فون کرکے چوہدری شجاعت کی خیریت دریافت کی تھی۔