طلاق ٹیکس۔۔۔اکیسویں صدی کی کہانیاں۔۔ (اکرم سہیل)


آزاد کشمیر حکومت نے ریاست میں تحریک آزادئ کشمیر کو تیز تر کرنے اور اس کیلئے مالی وسائل جمع کرنے کیلئے طلاق پر کشمیر لبریشن سس کے نام کا ٹیکس عائد کر دیا ہے۔ جس کی وجہ سے میاں بیوی کے درمیان لڑائی جھگڑے والے گھروں میں امن قائم ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔۔لیکن اس سے ٹیکس جمع کرنے والے اداروں میں بے چینی پھیل گئی ہے کہ اگر لڑائی جھگڑے نہیں ہونگے تو طلاقیں نہیں ہونگی اور طلاقیں نہیں ہونگی تو طلاق ٹیکس جمع نہیں ہوگا۔طلاق ٹیکس جمع نہیں ہوگا تو اس سے کشمیر لبریشن سس میں کمی ہوگی ۔کشمیر لبریشن سس میں کمی سے تحریک آزادی کشمیر پر منفی اثر پڑے گا۔لہذا خفیہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ طلاق کی شرح بڑھانے کا بہترین منصوبہ بنانے والے وزیر کو سینئر وزیر بنایا جائے گا۔اورکشمیر لبریشن سیل کا چارج بھی اسے دیا جائے گا۔۔وزراء اس منصوبہ پر دن رات کام کر رہے ہیں۔