لاہور(صباح نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو حمزہ شہباز کی حلف برداری کے لیے نمائندہ مقرر کرنے کی ہدایت کردی ۔
گزشتہ روز چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے حمزہ شہباز کی حلف نہ لینے سے متعلق درخواست پرسماعت کی، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے تیسری مختصر ترین سماعت کے بعد صدر مملکت کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ حمزہ شہباز سے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب حلف لینے کے لئے اپنا نمائندہ مقررکریں۔
عدالت نے اپنے مختصر فیصلے کی کاپی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھجوانے کی ہدایت کی ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے قراردیا ہے کہ کیس کا تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔
عدالت نے ہائی کورٹ آفس کو ہدایت کی ہے کہ صدر پاکستان کو عدالتی فیصلے سے آگاہ کریں۔ عدالت نے قراردیا ہے کہ گورنر پنجاب ، نومنتخب وزیر اعلیٰ پنجاب سے حلف لینے سے انکار نہیں کرسکتے۔
عدالت نے حمزہ شہباز شریف کی درخواست نمٹا دی۔ دوران سماعت ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس ایڈووکیٹ نے مئوقف اختیار کیا کہ گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ 24گھنٹے میں حمزہ شہباز سے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب حلف نہ لینے کے حوالہ سے اپنی گزارشات بھجوادیں گے۔ تاہم چیف جسٹس نے اپنے عدالتی عملے کو حکم دیا ہے کہ اس فیصلے کی کاپی فوری طور پر ایوان صدر بھجوائی جائے۔
درخواست گزار کے وکیل اشتر اوصاف علی کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا تھا کہ گورنر کسی بھی صورت نومنتخب وزیر اعلیٰ پنجاب سے حلف لینے سے انکار نہیں کرسکتے اور اگر وہ ایسا کریں گے تو یہ آئین اور قانون کی خلاف ورزی کریں گے اور ساتھ ہی ساتھ توہین عدالت کے مرتکب ہو ں گے۔
ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ عدالت کسی بھی صورت گورنر پنجاب کو ہدایات جاری نہیں کرسکتی انہیں استثنیٰ حاصل ہے۔
واضح رہے کہ گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے حمزہ شہباز شریف سے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب حلف لینے سے انکار کردیا تھا جس کے خلاف حمزہ شہباز شریف کے وکلاء نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
دریں اثناء نومنتخب وزیر اعلیٰ پنجاب محمد حمزہ شہباز شریف نے جمعہ کے روز لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس محمد امیر بھٹی کی جانب سے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی جانب سے انکار کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو وزیر اعلیٰ پنجاب سے حلف لینے کے لئے اپنا نمائندہ مقررکرنے کے حکم پر ردعمل کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ21 دن سے 11 کروڑ کا صوبہ بغیر حکومت کے تھا عدالتی احکامات کے تحت پہلے وزیراعلی کا انتخاب ہوا اور اب حلف لینے کے حوالے سے آئین کی فتح ہوئی۔
حمزہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تاریخ یاد رکھے گی کہ کس طرح اس دور میں آئین و قانون کا مذاق بنایا گیا۔
انشاللہ اب یہ صوبہ دوبارہ سے ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو گا۔