لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملک کے اندر معاشی ترقی مکمل طور پر رُک چکی ہے۔اب سرمایہ داروں کا اعتماد بحال کرنا ہوگا۔ بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی فچ نے بھی پاکستانی معیشت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وقت کا ناگزیر تقاضا ہے کہ نئی وفاقی کابینہ میں وزراء کی فوج ظفر موج یکجا کرنے کی بجائے مختصر کابینہ تشکیل دی جائے تاکہ قومی خزانے پر بھاری بوجھ نہ پڑے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزموجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کاسامنا ہے ۔ 2018ء تک پاکستان کا کل قرضہ پچیس ہزار ارب روپے تھا جبکہ گزشتہ ساڑھے تین برس میں ملک کے قرضے میں بیس ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ پچھلی حکومت کے دوران ساٹھ لاکھ افراد بے روز گار ہوئے اور دو کروڑ افراد غربت کی لکیر کے نیچے زندگی گزارنے پرمجبور ہوگئے۔
مسلم لیگ ن ، پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف تینوں جماعتوں میں کوئی فرق نہیں۔ محض چہرے اور پارٹیاں بدلنے سے ملک کے اندر ترقی و خوشحالی نہیں آ سکتی، ضرورت اس امر کی ہے کہ بد بودار فرسودہ نظام کو بدلا جائے۔ 75برسوں سے پاکستان کے اقتدار پر مٹھی بھر اشرافیہ نے قبضہ جمایا ہوا ہے۔ جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے نزدیک عوام اور ان کو درپیش مسائل کی کوئی اہمیت نہیں، یہ سب اپنے مفادات کی بات کرتے ہیں اور اس کے تحفظ کے لیے کام کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے ساڑھے تین برس ملک و قوم کے لیے کسی آزمائش سے کم نہیں تھے۔ مہنگائی،بے روزگاری،لاقانونیت اور کرپشن میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ ریاست مدینہ کا نعرہ لگانے والے سودی نظام معیشت کو تحفظ فراہم کرتے رہے ہیں۔ 22کروڑ عوام ان کی حقیقت جان چکے ہیں۔ملک میں آئین و قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں ۔ اداروں کے درمیان ٹکرائو کی پالیسی انتہائی خطرناک ثابت ہوگی۔
محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک کے اندر اب انتقامی سیاست کا مکمل خاتمہ ناگزیر ہے۔ 90کی دہائی کی سیاست نے ملک و قوم کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔ اسلام آباد کے بعد جوتماشا پنجاب اسمبلی میں ہوا ،اس سے پوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی ہے ۔