ڈ الر کی اونچی اڑان اور روپے کی بے قدری میں مسلسل اضافہ حکمرانوں کی ناکام معاشی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔میاں محمد اسلم


اسلام آباد (صباح نیوز )  نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ ڈ الر کی اونچی اڑان اور روپے کی بے قدری میں مسلسل اضافہ حکمرانوں کی ناکام معاشی پالیسیوں کا نتیجہ ہے،پاکستان اس وقت مہنگائی کے بدترین دور سے گزر رہا ہے، ڈالر کی اونچی اڑان ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے ، آئی ایم ایف پروگرام کی شرائط پر عمل درآمد نے ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا کر دیا ہے،

انھوں نے کہا  اشیا ئے خورونوش کی قیمتوں کو ایسے پر لگ گئے ہیں ، آٹا ، دالیں ، چینی ، چاول ، گھی ، تیل ، گوشت ، سبزیاں ، دودھ ، مصالحہ جات اور ادویات کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، ان حالات میں جماعت اسلامی عوامی  حقوق کی تر جمان بن کر اُبھر ی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے الفلاح ہال میں ملاقات کے لیے آنے والے وفود سے گفتگو کر تے ہو ئے کیا ۔

میاں محمد اسلم نے کہا رمضان المبارک میں مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی انتہائی مشکل حالات میں زندگی گزار رہا ہے۔ سبزیوں، پھلوں، آٹا، چینی، دالوں کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی ہیں، ڈالر کی اونچی اڑان سے مہنگائی کا نیاطوفان اور روزمرہ کی اشیائے خورونوش کی قیمتیں مزید بڑھ جائیں گی جس سے عام آدمی پر براہ راست متاثر اورملکی معیشت پربھی منفی اثرات مرتب ہونگے،

انھوں نے کہا پی ٹی آئی ، ن لیگ ، اور پیپلز پارٹی  ملک میں اسلامی نظام کی بجائے ذاتی بادشاہتیں قائم کرنا چاہتی ہیں، جماعت اسلامی کا ایمان ہے کہ جب تک اسلامی نظام کی طرف اجتماعی سفر نہیں ہو گا، ملک میں اسی طرح کا کھیل تماشا جاری رہے گا۔