کشمیری  پنڈتوں کی کشمیر واپسی کے لیے 1025 گھر وں کی تعمیر مکمل ہوگئی


نئی دہلی(صباح نیوز) بھارتی حکومت نے  جموں و کشمیر سے فرار ہوئے کشمیری  پنڈتوں کی کشمیر واپسی کے لیے 1025 گھر وں کی تعمیر مکمل کر لی ہے جبکہ 2,828  پنڈتوں کو سرکاری ملازمت فراہم کر دی ہے ۔

یاد رہے کشمیر سے تعلق رکھنے والے ہندووں کو کشمیری پنڈت کہا جاتا ہے ۔بھارتی  وزیر مملکت  برائے  داخلہ نتیانند رائے نے راجیہ سبھا میں بتایا کہ وزیر اعظم کے ترقیاتی پیکیج کے تحت، کشمیری پنڈتوں کے لیے 3000 ریاستی سرکاری ملازمتیں پیدا کی گئی ہیں۔2,828  پر تقرری کے لیے انتخاب کا عمل مکمل ہو چکا ہے، جن میں سے 1,913 کی تقرری کی گئی ہے اور باقی 915 کے کاغذات کی تصدیق کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ کشمیری  پنڈتوں کے لیےPMRP-2008 کے تحت ٹرانزٹ رہائش کی تعمیر ہو چکی ہے، جبکہ PMDP-2015 کے تحت منظور شدہ رہائشوں پر کام مکمل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1025 یونٹس کی تعمیر مکمل یا کافی حد تک مکمل ہو چکی ہے، 1488 یونٹ تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں اور باقی یونٹس پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔وزیر نے کہا کہ بھارتی حکومت کشمیری  پنڈتوں کو ماہانہ نقد ریلیف دیتی ہے، جسے آخری بار جون 2018 میں 10,000 روپے سے بڑھا کر 13,000 روپے فی خاندان کردیا گیا تھا۔