عمران خان نے کرسی بچانے کیلئے سول مارشل لاء لگایا ،احسن اقبال


اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان آئینی بحران میں گھر چکا ہے، عمران خان نے اپنی کرسی بچانے کے لیے سول مارشل لاء لگایا ہے، قاسم سوری، عمران نیازی، فواد چوہدری کو آئین شکنی پر گرفتار ہونا چاہیے، ان کے فوری گرفتاری کے احکامات جاری ہونے چاہئیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے ہار دیکھی تو وکٹیں اکھاڑ کر میدان سے بھاگ گئے، ملک کی عالمی سطح پر جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔ احسن اقبال نے کہاکہ پاکستان کی گورننس کا عالمی سطح پر مذاق بن رہا ہے، عمران خان نے پوری اپوزیشن کو غدار قرار دیا ہے،انہوں نے اپوزیشن کے کروڑوں ووٹرز کی توہین کی ہے۔

لیگی رہنما نے کہاکہ کل کو تحریک عدم اعتماد کسی حکومت کے خلاف نہیں لاسکتے۔احسن اقبال نے کہاکہ اگر آئین کو بیوقعت کر دیا جائے تو ریاست بے وقعت ہوجاتی ہے، امید کرتے ہیں کہ سپریم کورٹ بھی اپنا کردار ادا کرے گی، اس معاملے میں کسی رعایت کی گنجائش نہیں۔

انہوں نے کہاکہ قاسم سوری، عمران نیازی، فواد چوہدری کو آئین شکنی پر گرفتار ہونا چاہیے، ان کے فوری گرفتاری کے احکامات جاری ہونا چاہیے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ آج بیرونی سازش کے طعنے وہ دے رہا ہے جس کا فارن فنڈنگ کا کیس 7 سال سے چل رہا ہے، الیکشن کمیشن سزا سنانے میں کیوں تاخیر کر رہا ہے۔

احسن اقبال کاکہنا تھا کہ عمران نیازی نے نیشنل سکیورٹی کمیٹی اجلاس کے بارے میں بھی جھوٹ بولا، کیا عمران الیکشن کمیشن ، سپریم کورٹ، آئین سے بڑا ہے؟

انہوں نے کہا کہ نیب نے پاکستان کی انتظامی معیشت کو جھوٹے مقدمات سے تباہ کیا، نیب کے جھوٹے کیسز کے باعث سرکاری دفتر میں کوئی کام کرنے کو تیار نہیں،نیب نے لوگوں کی کردار کشی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب نے عمران خان کی مخالف آوازوں کو دبایا ہے۔