عمران خان آئیں مقابلہ کریں اور بتائیں کہ غدار کون ہے، علیم خان


لاہور(صباح نیوز) تحریک انصاف کے منحرف رہنما علیم خان نے چیلنچ کرتے ہوئے عمران خان کو کہا ہے کہ وہ آئیں مقابلہ کریں اور بتائیں کہ غدار کون ہے ، کسی نے پی ٹی آئی کیلئے مجھ سے آدھی قربانی بھی دی ہوتو دکھائیں،عمران خان باہر نکلیں اور میرے ساتھ بیٹھ کر مقابلہ کرلیں، عوام کے سامنے حقائق رکھتے ہیں، اگر میں جھوٹا ثابت ہوا تو خود کو گولی مار دوں گا، اور اگر عمران خان جھوٹے ثابت ہوں تو یہی کام وہ کریں۔ نئے پاکستان کے سارے لبادے کھولوں گا، دکھ ہے جس شخص کے لیے 10 سال لگائے وہ اس قوم کے ساتھ مخلص نہیں ہے،

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کا کہنا تھا کہ میں نے تحریک انصاف کے لئے بہت قربیاں دیں، شروع میں تو پنجاب کے ہرجلسے کے لئے مجھ سے پیسے لئے جاتے رہے، عمران خان وہ شخص سامنے لے آئیں جس نے مجھ سے آدھی بھی قربانی دی ہو، عبد العلیم خان نے کہا کہ 2011 سے عمران خان کا ساتھ دینا شروع کیا، 2011 کے بعد کوشش کی تحریک انصاف پر کوئی بوجھ نہ پڑے، 2011 میں عمران خان،

میاں محمود الرشید میرے گھرآئے، مجھے کہا گیا یہ جلسہ آپ نے کروانا ہے۔ اپنے وسائل سے سب کچھ کیا، جہانگیر ترین نے بھی اس حوالے سے بہت مدد کی۔ 2018 میں ایم پی اے کی سیٹ جیتا۔ 2007 سے لیکر 2018 تک ایم پی اے، وزیر نہیں تھا،انہوں نے کہا کہ 2018 تک عمران خان کا نئے پاکستان کے لیے ساتھ دیا، کسی پر احسان نہیں کیا نئے پاکستان میں اپنا حصہ ڈالا، لاہور شہر میں میرا کاروبار تھا پھر بھی حکومت کے خلاف کھڑا ہوا، لاہور شہر میں کسی کاروباری آدمی کے لیے حکومت کی مخالفت کرنا آسان نہیں،

دھرنے کے دوران 126 دن اسلام آباد رہا، ڈیزل ڈلوانے، کھانا خود پہنچاتا رہا، جب ڈاکٹر یاسمین راشد کا الیکشن آیا تو ہم نے فنڈ ریزنگ کی تو اس میں جہانگیرترین، میں اور میاں خالد محمود نے اس میں حصہ ڈالا۔آج لوگوں سے سنتا ہوں علیم خان نے غداری کی؟ ان سے پوچھتا ہوں کسی نے مجھ سے آدھی بھی قربانی دی تواس کا نام بتادیں؟۔

انہوں نے کہاکہ خان صاحب اگر آپ نے عثمان بزدار کو وزیراعلی بنانا تھا تو مجھے نیب میں بھیجنے کی کیا ضرورت تھی؟ میں نے  25 جولائی کو حلف اٹھایا اور اس کے بعد 15 دن کے اندر 4 بار نیب کے دفتر بلایا گیا، جب کہ اس سے پہلے میں نیب کا دفتر بھی نہیں دیکھا تھا، چوتھی بار جب میں دفتر گیا تو ٹی وی پر چل رہا تھا کہ عثمان بزدار کو وزیراعلی نامزد کردیا گیا، تو سمجھ آئی کہ وجہ یہ تھی، میں نے ڈی جی نیب  سے کہا کہ اب تو وزیراعلی نامزد ہوگیا مجھے چھوڑ دیں، اور وہی ہوا کہ اس کے بعد 6 ماہ تک مجھے نہیں بلایا گیا، 6 ماہ پھر ایک خبر چلی کہ عثمان بزدار وزیراعلی نہیں رہیں گے، اور ایک بار پھر مجھے نیب دفتر طلب کرلیا گیا۔

علیم خان کا کہنا تھا کہ عمران خان مجھے بتائیں میں نے کون سی کرپشن کی تھی، عوام کے سامنے لایا جائے کہ علیم خان نے یہ مراعات لیں، عمران خان باہر نکلیں اور میرے ساتھ بیٹھ کر مقابلہ کرلیں، عوام کے سامنے حقائق رکھتے ہیں، اگر میں جھوٹا ثابت ہوا تو خود کو گولی مار دوں گا، اور اگر عمران خان جھوٹے ثابت ہوں تو یہی کام وہ کریں، باہر نکلیں اور بتائیں کہ عثمان بزدار نے کس طرح کرپشن کی، لاکھوں روپے لے کر ڈی سی لگائے جاتے رہے اور آپ کو سب پتہ تھا، میں نے خود جاکر بتایا تھا، فرح کون تھی عمران خان عوام کو بتائیں، فرح خان ہر ٹھیکے میں شامل تھی اور کرپشن کے پیسے کس کو بھیجتی تھی سب پتہ ہے، وہ اور اس کا شوہر تو پاکستان سے بھاگ گئے ہیں،  فرح بی بی پیسے کِسے پہنچاتی تھیں، بیوروکریٹ پکڑے جائیں گے تو سب سامنے آجائے گا،عمران خان بتائیں کہ وہ کون تھی۔منحرف رہنما کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تحریک انصاف کے 183 ارکان ہیں اور عمران خان کو ایک بندہ نہیں ملا جو وزیراعلی بننے کا اہل ہو، چوہدری پرویز الہی وہی ہیں جن کو آپ ڈاکو کہتے تھے، اب نیا پاکستان پرویزالہی بنائیں گے، افسوس ہے آپ پر اور پی ٹی آئی کے کارکنان پر، آپ کہتے ہیں پرویز الہی کو جو ووٹ نہ ڈالے وہ غدار ہوگیا، تو چوہدری شجاعت کے بیٹے سالک حسین کو بھی غدار کہہ کر دکھائیں جو قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے بینچز پر بیٹھے تھے، میں سلام پیش کرتا ہوں اس شخص کو جو علی الاعلان آپ کے مخالف گیا کیوں کہ وہ عظیم باپ کا عظیم بیٹا ہے، اور آپ تو وہ ہیں جو پرویز الہی کو ڈاکو ڈاکو کہتے رہے۔

علیم خان نے کہا کہ ایک تصویر دکھا کر کہا جارہا ہے کہ علیم خان امریکن ایمبسڈر سے ملا، تو میرا جواب ہے کہ میں توعمران خان کے گھر میں تھا جب امریکی ایمبسڈر سے ملا، مجھ سے تو آسٹریلیا اور انگلینڈ کے ایمبیسڈر بھی ملتے ہیں، آپ جب حزب اختلاف میں تھے تو کیا آپ امریکن ایمبیسڈر سے نہیں ملے، میں نے آپ کے سارے پیغامات اپنے موبائل میں محفوظ رکھے ہوئے ہیں، میں پوری قوم کو بتاوں گا کہ آپ وزیراعلی کے بارے میں کیا کہتے رہے ہیں اور کرپشن کا پتہ ہونے کے باوجود آپ کا کیا کہنا تھا، آپ چوہدریوں کے بارے میں کیا کہتے رہے وہ بھی میرے پاس ثبوت موجود ہے۔

مجھے غدار کہا جارہا ہے، آپ کے ساتھ جو ہے وہ محب وطن اور باقی سب غدار، آپ پاکستان کے مامے چاچے ہیں کہ جس کو چاہیں غدار بنادیں، آپ نے جہانگیر ترین کی بیٹیوں پر بھی الزامات لگائے، آپ کو کون سے لوگ چاہئے جو آپ کی مانتے رہیں اور نیچے لگے رہیں، میں وہ نہیں ہوں میں بولوں گا، آپ نے واضح شکست دیکھتے ہوئے اسمبلیاں تحلیل کردیں اگر اسمبلیاں تحلیل کرنی تھیں تو پہلے کردیتے، آپ کیا سمجھ رہے ہیں کہ عوام آپ کے ساتھ ہیں تو یہ غلط فہمی ہے، میں آپ کی حقیقت پوری قوم کو بتاوں گا، اور بتاوں گا کہ آپ کی شخصیت کیا ہے اور آپ کتنے مخلص ہیں،  بات کرتے ہو نئے پاکستان کی؟ عثمان بزدار کے دور میں 3، 3 کروڑ لیکر ڈی سی لگتے تھے، سی ایم سیکرٹریٹ میں پیسہ دیئے بغیر کوئی تبادلہ نہیں ہوتا تھا۔، نئے پاکستان کے سارے لبادے کھولوں گا،

عمران خان سے کہتا ہوں جو کرپشن میں نے کی وہ قوم کے سامنے لائیں، اگر میرے پاس اتنے ثبوت تھے تو آج تک میرے خلاف ریفرنس کیوں نہیں بنا؟ اگر کوئی شواہد ہیں تو قوم کے سامنے لائیں۔ پی ٹی آئی کے منحرف رہنما کا مزید کہنا تھا کہ علیم خان کا مستقبل جو میرے اللہ کو منظورہوا وہی ہو گا، عثمان بزدار کے بارے میں عمران خان کو بتایا لیکن کچھ نہیں ہوا، عمران کے ترجمان ایسے ہیں جن کی ہم نے شکلیں بھی نہیں دیکھی تھیں۔ دکھ ہے جس شخص کے لیے 10 سال لگائے وہ اس قوم کے ساتھ مخلص نہیں ہے، جب 4 بیوروکریٹس پکڑے جائیں گے تو سارے کرتوت کا پتا چل جائے گا۔ جتنی باتیں کیں حلفا کی مجھے جھوٹا ثابت کیا جائے، خان صاحب کی فیملی کا نام نہیں لینا چاہتا۔مجھے پکڑ کر جیل میں ڈال دیں صرف بزدار کے خلاف ہوں۔ میرا اگلا سیاسی لائحہ عمل کیا ہوگا یا نہیں ہوگا وقت بتائے گا، عثمان بزدار کے بارے میں صرف میں نے نہیں پارٹی کے اور لوگوں نے بھی شکایات کی تھیں، خان صاحب حکمران بنے تو سچے دوستوں کوبھول گئے۔