اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان کو ہٹانے کے لئے بین الاقوامی سطح پر سازشیں کی ہیں اوربین الاقوامی سرمایہ کاری ہو ئی ہے وہ انشاء اللہ ناکام ہوں گے،میں خود فوری الیکشن کا حامی ہوں، آج قوم عمران خان کے ساتھ ہے،سیاست میں بعض لوگ جیت کر بھی ہارجاتے ہیں اور بعض لوگ ہار کر بھی جیت جاتے ہیں۔ تین اپریل کی آخری بال تک عمران خان کھیلے گا اور مقابلہ کرے گا ہم اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ان خیالات کااظہار شیخ رشید احمد نے پریس کا نفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔شیخ رشیداحمد نے کہا کہ پنڈی جو ہے وہ پنڈی ہے اور وہ ذمہ دار لو گ ہیں اوروہ پاکستان کے ساتھ ہیں، پاکستان کے حالات سے بخوبی واقف ہیں اورپاکستان کے معاملات کو وہ سمجھتے ہیں، جہاں تک یہ تعلق ہے کہ انہوں نے غیر جانبداری کا مظاہر ہ کیا ہے تو یہ اچھی بات ہے، اس میں کسی کو کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہئے، اگر ہم ہر چیز پنڈی پر ڈال دیں تویہ بھی کوئی اچھی بات نہیں، پنڈی میرا حلقہ بھی ہے اس لئے میں کہہ رہا ہوں۔
انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی فنڈنگ عمران خان کی حکومت کو ختم کرنے کے لئے ہوئی ہے، یہ کوئی ایجنسیز کی کوئی ناکامی نہیں ، ایجنسیز کو سب کچھ پتا ہوتا ہے اوروہ آپس میں مل کر چلتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ (ق)نے سیاست میں بڑا اچھا قدم اٹھایا ہے۔چوہدری شجاعت حسین میرے بڑے بھائیوں جیسے ہیں۔ چوہدری شجاعت نے رات کو جو بیان دیا ہے وہ بڑا جاندار بیان ہے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور ، سردار عثمان احمد خان بزدار کے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب مستعفی ہونے کا نوٹیفیکیشن جاری کریں گے۔ عثمان بزدار کے جاتے جاتے گورنر پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے ہمیں راولپنڈی کے لئے ایک اوریونیورسٹی کا نوٹیفیکیشن مل گیا اور راولپنڈی ملک میں واحد شہر ہو گا جس میں پانچ یونیورسٹیاں ہوں گی۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں ساری رات جاگاہوا ہوں، میڈیا کہے گا میںمایوس دکھائی دے رہا تھا،صبح تین، چار بجے جلسہ ختم ہو ا ، جلسہ تو مولانا فضل الرحمان کا تھا باقی تو مہمان اداکار تھے۔ انہوں نے کہا کہ جیت ہار تو سیاست میں ہوتی رہتی ہے لیکن ایک بات طے ہے کہ آج قوم عمران خان کے ساتھ ہے،سیاست میں بعض لوگ جیت کر بھی ہارجاتے ہیں اور بعض لوگ ہار کر بھی جیت جاتے ہیں۔ تین اپریل کی آخری بال تک عمران خان کھیلے گا اور مقابلہ کرے گا ہم اس کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ اسلام میں تمام کنٹینر ہٹا دیئے گئے ہیں ، تمام راستے صاف ہیں،بڑے ہی خطرناک چار دہشت گرد پکڑے ہیں، ان کا مقدمہ انسداد دہشت گردی عدالت میں چلے گا۔ اب الیکشن کا سماں ہے31تاریخ سے تقریریں ہوں گی اورتین اپریل کو ووٹنگ ہو گی، میں نے کہا تھا کہ (ق)لیگ ہمارے ساتھ آئے گی اسی طرح میری خواہش اوردعا ہے کہ ایم کیوایم بھی ہمارے ساتھ آئے۔ میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا بھی انتظارکررہا ہوں کہ کیا فیصلہ ہوتا ہے جن لوگوں نے عمران خان کو ہٹانے کے لئے بین الاقوامی سطح پر سازشیں کی ہیں اوربین الاقوامی سرمایہ کاری ہو ئی ہے وہ انشاء اللہ ناکام ہوں گے اور میری دعا بھی ہے اور کوشش بھی ہے کہ تین تاریخ کو اپوزیشن172آدمی پورے نہ کرسکے۔
انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان کے ساتھ ہیں چاہے وہ ہم سے مشورہ کریں یا نہ کریں، ہمارے اڑھائی ووٹ ہیں ایک میرا، ایک میرے بھتیجے کا ایک آزاد کشمیر میں ووٹ ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہم وقت آنے پر بلیک میلنگ کریں اور مطالبہ کریں، ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے نالالئی، انشاء اللہ عمران خان وہ کرے گا، عمران خان کے ساتھ کمٹمنٹ میں سارا پنڈی ہمارے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن ایسا ہے اس میں غیر ملکی فنڈنگ اورسرمایہ کاری ہے اوریہ آخری بال تک الیکشن ہے یہ میں کتنی دفعہ کہوں گا۔ الیکشن کا نتیجہ جو بھی ہو اس وقت لوگ عمران خان کے ساتھ ہیں اور ہم تو پہلے ہی ساتھ تھے۔ ایم کیو ایم کا فیصلہ پتا نہیں کیا ہو گا ، جو بھی فیصلہ ہو گا وہ فیصلہ کن ہوگا لیکن میں ایم کیو ایم سے مذاکرات کرنے والی مذاکراتی کمیٹی میں نہیں ہوں ۔انہوں نے کہا کہ ایک مہینے سے ساری فورسز جاگ رہی ہیں اور چارناموردہشت گردوں کو پکڑا ہے اورچار پشاوروالے مارے گئے ہیں۔