تحریک عدم اعتماد کاپراسیس شروع ہوا ہے ، کہیں سے کوئی کال نہیں آئی،شاہد خاقان


اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے سینئرنائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کاپراسیس شروع ہوا ہے کہیں سے کوئی کال نہیں آئی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ ق لیگ نے اپنا فیصلہ کرلیا انہیں پتا لگ جائے گا کہ سیاست کیا ہوتی ہے۔ یکم سے 4اپریل تک ووٹنگ ہوگی اورحکومت سے نجات ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ سرپرائزعمران کونہیں بزدارکوملا۔ جووزیراعلی بہترین تھا اسے ہٹا دیا گیا جبکہ اپنی جماعت کے 11 ارکان بھی قربان کردئیے۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کے پاس کچھ کہنے کونہیں تھا توصرف کاغذ لہرادیا،وزیراعظم کودھمکی آمیز خط پارلیمنٹ میں لانا چاہئے۔ جب سے تحریک عدم اعتماد کاپراسیس شروع ہوا ہے کہیں سے کوئی کال نہیں آئی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس چند دن باقی ہیں ہم کوئی نیا کرپشن کا کیس بنانا چاہتے ہیں تو بنا لیں۔ حکومت کی کرپشن کے کیسز سینکڑوں ارب کے اندر ہیں۔ان کوحساب دینا ہوگا۔ کھلا چیلنج ہے مسلم لیگ (ن)کے خلاف جو کیس بنائے وہ عوام کے سامنے رکھیں۔