وزیر اعظم عمران خان اپنی حکومت کے لیے خود ہی خطرہ بن چکے ہیں، جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ جلسے، جلوس جمہوریت کا حسن ہیں مگر خدشہ ہے کہ کہیں یہی افراتفری اور انتشار کو ہوا دیتے ہوئے جمہوریت کی بساط کو نہ لپیٹ دیں۔ شہر اقتدار میں عوام کو ایک دوسرے کے مد مقابل لانا درست اقدام نہیں۔ وزیراعظم خود ہی اپنی حکومت کے لیے خطرہ بنتے جارہے ہیں۔ عدم اعتماد کی جنگ، سڑکوں پر لانا ملک و قوم اور بالخصوص جمہوریت کے لیے خطرناک ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روزمختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر جاری محاذ آرائی اور سیاسی عدم استحکام نے معاشی سرگرمیوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ سیاسی معاملات کو سڑکوں پر لا کر حکومت نے خود کو بند گلی میں دھکیل دیا ہے۔ ملک میں ایک مرتبہ پھر 90کی دہائی والی سیاست کی جارہی ہے۔ سیاستدانوں نے اپنا رویہ نہ بدلا تو ناقابل تلافی نقصان ہوسکتا ہے۔ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی پر ملک کے اندر نئے انتخابات کرائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی عاقبت نا اندیش پالیسیوں کی بدولت پاکستان اس وقت مکمل طور پر اندرونی خطرات سے دوچار ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ سیاسی معاملات کو اسمبلی میں حل کیا جائے ۔سٹرکوں پرپاور شو کرنے سے حالات مزید خراب ہوں گے۔ ارکان اسمبلی کی وفاداریاں خریدنے اور بیچنے والے دونوں ہی قومی مجرم ہیں، ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ جب تک اداروں کو سیاسی معاملات میں دھکیلنے کا سلسلہ بند اور ملک کے اندر آئین و قانون کی حکمرانی نہیں ہوگی ، اس وقت تک حالات بہتر نہیں ہوسکتے ۔ تمام اسٹیک ہولڈر کے لیے آئین و قانون کا احترام لازمی ہے۔