سرینگر:مقبوضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی قیادت نے اسمبلی انتخابات مشترکہ طور پر لڑنے کا عندیا دیاہے۔دونوں جماعتوں کی اعلی قیادت نے ضلعی سطح کی قیادت کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسمبلی انتخابات کے دوران کسی بھی تصادم سے بچنے کے لیے دونوں جماعتوں کی رابطہ کمیٹیاں تشکیل دیں۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پی ڈی پی کی صدرمحبوبہ مفتی نے حال ہی میں ختم ہونے والے اپنے جموں کے ایک ہفتہ طویل دورے کے دوران یہ اشارہ دیا کہ دونوں جماعتوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنا پہلا وزیر اعلیٰ مسلط کرنے کے بی جے پی کے منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے مشترکہ طور پر انتخابات لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جموں میں اپنے دورے کے دوران محبوبہ مفتی نے روایتی حریف نیشنل کانفرنس یا کانگریس پر تنقید سے گریز کیا اور انہوں نے اپنے عوامی اجتماعات میں صرف بی جے پی پر توجہ مرکوز کی۔رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پیپلز الائنس فار گپکارڈیکلریشن کے حالیہ اجلاس کے دوران تمام حلقوں نے مشورہ دیا تھا کہ ڈی ڈی سی انتخابات کا تجربہ اسمبلی انتخابات میں بھی دہرایا جائے۔