پی ٹی آئی منحرف ایم این اے احمد حسین ڈیہڑ کا وزیراعظم کو عدم اعتماد میں ووٹ دینے کا اعلان


اسلام آباد(صبا ح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے ملتان سے منتخب ہونے والے رکن اسمبلی احمد حسین ڈیہڑ نے موقف میں تبدیلی لاتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد میں وزیراعظم عمران خان کا ساتھ دیں گے۔

یاد رہے کہ ملک احمد حسین ڈیہر پی ٹی آئی کے ان منحرف اراکین قومی اسمبلی میں سے ایک ہیں جو مبینہ طور پر اس ماہ کے اوائل میں اسلام آباد میں سندھ ہاوس میں موجود تھے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے بعد پارلیمنٹ ہاس کے باہر صحافیوں نے احمد حسین ڈیہڑ سے سوال پوچھا کہ عدم اعتماد کے ووٹ پر کہاں کھڑے ہیں تو اس پر جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خدا کے فضل سے میں حکومت کے ساتھ ہوں۔جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ان کے تحفظات کو دور کیا گیا ہے، تو انہوں نے کہا کہ وہ دور کیے جا رہے ہیں، بات چیت ہو رہی ہے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ وزیر اعظم سے ملاقات کی ہے اور کہا ہے کہ میرے کچھ مسائل ہیں جو وہ عمران خان حل کریں گے، وہ مسائل حل کیے جا رہے ہیں اور اس کے بعد میں ان کی حمایت کروں گا۔ایک اور سوال کے جواب میں رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ وہ اب بھی حکمران جماعت کا حصہ ہیں۔