لاہور(صباح نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صاف پانی پروگرام کے تحت 22مارچ پانی کے عالمی دن کو بھر پورانداز میں منایا گیا۔اس حوالے سے ملک بھر میں کے عنوان سے سیمینارزاورآگاہی واکس کا اہتمام کیا گیا۔اس مناسبت سے مرکزی تقریب الخدمت فاؤنڈیشن،سرور فاؤنڈیشن، پنجاب آبِ پاک اتھارٹی اور پنجاب واٹر آپریٹر نیٹ ورک کے زیر اہتمام گورنر ہاؤس لاہور میں منعقد ہوئی۔
تقریب کی مہمان خصوصی بیگم گورنر پنجاب و وائس چیئرپرسن سرور فاؤنڈیشن پروین سرور تھیں۔سینئر نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان سید احسان اللہ وقاص نے اس موقع پرکہا کہ عالمی یومِ آب منانے کا مقصد پانی کی اہمیت اور اسے محفوظ بنانے کے حوالے سے عوام الناس میں شعور اجاگر کرنا ہے۔پانی کی کشیدہ ہوتی صورت حال کے پیشِ نظر ضرورت اس امر کی ہے کہ پانی کے لئے کام کرنے والی تمام سماجی تنظیمیں ملکر کام کریں اور اس اہم کام میں حکومت کا دست و بازوبھی بنیں۔الخدمت فاؤنڈیشن پانی کی قلت اور اُس سے ہونے والے نقصانات کے پیش ِ نظرملک بھر میں آگاہی مہم کے ساتھ ساتھ صاف پانی کے منصوبوں پربھی کام کر رہی ہے۔ اس وقت ملک بھر میں 172واٹر فلٹریشن پلانٹ،2,261 کنویں،9,930 ہینڈ پمپ،1,376سب مرسبل پمپ،59سولر سب مرسبل پمپ،85 گریوٹی فلو واٹر سکیم کے منصوبہ جات کام کر رہے ہیں جن سے روزانہ قریبا31 لاکھ91ہزار افراد مستفید ہوتے ہیں۔
تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔تقریب میں صدر الخدمت وسطی پنجاب اکرام الحق سبحانی، نیشنل ڈائریکٹرالخدمت صاف پانی پروگرام سیدراشد داؤد،چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی ڈاکٹر شکیل اے خان، چیئرمین پنجاب واٹر آپریٹر نیٹ ورک سید زاہد عزیز اور پانی کے لئے کام کرنے والی مختلف سماجی تنظیموں کے سربراہان نے شرکت کی۔