لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ 23مارچ ”یوم پاکستان” کا تقاضا ہے کہ ہم باہمی اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک وقوم کی ترقی کے لیے اقدامات کریں ۔ بد قسمتی سے 74برسوں میں جو بھی اقتدر میں آیا اس نے اپنے ہی لوگوں کو نوازا ، کسی نے بھی ملک و قوم کی خوشحالی کے لیے کچھ نہیں کیا ۔اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے پاکستان میں صرف اسلامی نظام ہی کامیابی سے چل سکتا ہے ۔بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح پاکستان کو ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتے تھے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور نام نہاد اپوزیشن کی لڑائی ملک و قوم کی بہتری یا عوام کی فلاح و بہبود کے لیے نہیں بلکہ محض اقتدار کے حصول کے لیے ہے۔ عوام کو درپیش سنگین مسائل کے حل کے لئے چہرے نہیں، فرسودہ نظام بدلنے کی ضرورت ہے۔ ملک و قوم اس وقت مشکلات کا شکا رہیں۔ جمہوریت کی مضبوطی کے لیے تمام اداروں کو اپنے آئینی و قانونی دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کرنا ہوگا۔ حکومت اپنی اکثریت کھو چکی ہے۔ اس نظام کو تلپٹ کرکے غیر جمہوری قوتوں کے لئے راہ ہموار کرنے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے ۔
انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کیلئے تحریک انصاف ملک میں انتشار اور افراتفری پھیلانا چاہتی ہے۔ حکمرانوں کی جانب سے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت اداروں کو سیاست میں گھسیٹنا درست اقدام نہیں ۔آئین و قانون اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ تمام ادارے نیوٹرل ہوں اور ان کا سیاست میں کوئی کردار نہیں ہونا چاہیے۔
محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ موجودہ حالات کی ذمہ دار حکومت ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت نا اہلوں کا ٹولہ ہے جس نے 4برسوں میں عوام کو گمراہ کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ ووٹوں کی خرید و فروخت کرنے والوں کو تاحیات نا اہل قرار دے کر کسی بھی سطح پر انتخابات میں حصہ لینے پر پابندی لگائی جانی چاہیے