ملک کو استحکام کی ضرورت ہے انتشار کی نہیں، عثمان بزدار


لاہور(صباح نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ملک کو استحکام کی ضرورت ہے انتشار کی نہیں، کسی کو ملک کے تابناک مستقبل سے نہیں کھیلنے دیں گے۔ لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے صوبائی وزیر اسد کھوکھر، غضنفر عباس چھینہ، سردار شہاب الدین، حنیف پتافی، غزین عباسی، نذیر احمد خان اور سید افتخار گیلانی نے ملاقاتیں کیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے اپنے غیر جمہوری طرز عمل کو بے نقاب کر دیا ہے، عوام بخوبی جانتے ہیں کہ انتشار کون پھیلا رہا ہے اور بے لوث خدمت کون کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عاقبت نااندیش عناصر صرف سیاست برائے اقتدار کیلئے ملک و قوم کی تقدیر کو دائو پر لگا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک کسی بھی انارکی یا افراتفری کا متحمل نہیں ہو سکتا ، ملک کو استحکام کی ضرورت ہے انتشار کی نہیں۔انہوںنے مزید کہا کہ کسی کو ملک کے تابناک مستقبل سے نہیں کھیلنے دیں گے۔

واضح رہے کہ چیف وہپ پنجاب اسمبلی ایم پی اے سید عباس علی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔