کورونا سے اموات میں کمی، 2 مریض انتقال کرگئے


اسلام آباد(صباح نیوز)ملک بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس سے اموات میں کمی آنے لگی اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 2 مریض انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 30 ہزار 319 ہو گئی ہے جبکہ مزید 514 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے اور مثبت کیسز کی شرح 1.33 فیصد رہی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 514 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 15 لاکھ 20 ہزار634ہو گئی۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں 38 ہزار595کورونا ٹیسٹ کیے گئے اور مثبت کیسز کی شرح 1.33 فیصد رہی۔سندھ میں کورونا کے کیسز کی تعداد 5 لاکھ 72 ہزار868، خیبر پختونخوا میں 2 لاکھ 18 ہزار 433، پنجاب میں 5 لاکھ 4ہزار 142، اسلام آباد میں ایک لاکھ 34 ہزار 887، بلوچستان میں 35 ہزار453، آزاد کشمیر میں 43 ہزار 200اور گلگت بلتستان میں 11 ہزار 651 ہو گئی ہے۔

کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 13 ہزار 541 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 8 ہزار 91، خیبر پختونخوا 6 ہزار 306، اسلام آباد ایک ہزار 22، گلگت بلتستان میں 191، بلوچستان میں 378 اور آزاد کشمیر میں 790 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے ملک بھر میں کورونا پابندیاں ختم کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ویکسین شدہ افراد کے لیے ہر قسم کی کورونا پابندیاں ختم کر دی گئی جبکہ پابندیوں کے خاتمے کا اطلاق فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔لازمی ویکسین کی شرط برقرار رہے گی اور ماسک پہننے کا عمل بھی جاری رہے گا۔

نوٹی فکیشن  کے مطابق صرف مکمل ویکسین شدہ افراد شادی تقریبات اور ڈائن ان کر سکیں گے جبکہ سینما گھروں، مزارات، دفاتر اور دیگر جگہوں پر بھی جا سکتے ہیں۔ مساجد اور عبادت گاہوں میں پری کوڈ ایس او پیز پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔

گزشتہ روز نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی)کے سربراہ اسد عمر نے ملک بھر میں تمام کورونا پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔