لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے پیکا آرڈی نینس مسترد کرتے ہوئے حکومت سے اس کالے قانون کو فی الفور واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
پی یو جے کے زیر اہتمام مظاہرے میں شرکت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جابرانہ طرز حکومت اور میڈیا پر پابندی کسی صورت قبول نہیں۔ حکومتیں کالے کرتوتوں کو چھپانے کے لیے کالے قوانین کا سہارا لیتی ہیں۔ پیکا آرڈی نینس غیر اسلامی، غیر آئینی،اور غیر اخلاقی ہے۔ اظہار رائے پر قدغنیں لگانا غیر آئینی ہے۔ صحافت کا معاملہ آئینے کی طرح ہوتا ہے۔ حکومت اپنا چہرہ ٹھیک کرنے کی بجائے اس آئینہ کو توڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔ مظاہرے میں امیر جماعت اسلامی ذکراللہ مجاہد، محمود الاحد چودھری نے بھی شرکت کی اور صحافیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔
ذکراللہ مجاہد نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اور صحافیوں برادری کے درمیان قدریں مشترک ہیں۔ جماعت اسلامی ہر پلیٹ فارم پر پیکا آرڈی نینس کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی اور صحافی برادری کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ اور ماضی کی حکومتوں نے غلطیوں سے سبق نہیں سیکھا۔ موجودہ حکومت نے نااہلی، نالائقی اور صحافیوں سے دشمنوں کے ریکارڈ توڑ دیے۔