وزیرِ اعظم عمران خان کی ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات


کراچی (صباح نیوز)کراچی میں وزیرِ اعظم عمران خان نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات کی ہے۔  کراچی کے دورے کے موقع پر وزیرِ اعظم عمران خان نے ایم کیو ایم پاکستان کے بہادر آباد میں قائم عارضی مرکز میں ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات کی ہے ۔گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزراء علی زیدی، شاہ محمود قریشی اور اسد عمر بھی وزیرِ اعظم عمران خان کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر ایم کیو ایم کے بہادر آباد میں واقع عارضی مرکز میں پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے وزیرِ اعظم عمران خان کا استقبال کیا۔وزیرِ اعظم عمران خان سے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور دیگر رہنماؤں نے گفتگو کی۔

ملاقات میں کراچی کے مسائل اوردیگر امور پر بھی گفتگو ہوئی جس میں وزیراعظم نے کہا کہ انتظامی اصلاحات کیے بغیر کراچی کے مسائل کا حل ممکن نہیں نظر آتا۔ ملاقات میں وزیراعظم نے خالد مقبول صدیقی سے کہا کہ اسد عمر ایم کیو ایم اور کراچی کے مسائل پر بات کرتے رہتے ہیں، ہم نے سندھ حکومت سے زیادہ کراچی کو اون کیا اور ایم کیوایم کے مسائل بھی ہمیشہ حل کرنے کی کوشش کی۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے کئی مسائل بدستور حل طلب ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ کراچی کو گرین لائن پروجیکٹ بھی ہم نے دیا اور ہم نے مردم شماری پر بھی تحفظات دور کیے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ حکومت کا ساتھ دیا اور اپوزیشن جماعتیں ناکام ہوں گی۔ملاقات کے بعد صحافی نے خالد مقبول سے سوال کیا کہ کیا آپ حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں؟ انہوں نے جواب دیا کہ ابھی تو ہم اپنے ساتھ کھڑے ہیں۔