افغان حکومت کو تسلیم کرانے کے لیے ازبکستان کے ساتھ مل کر مہم چلائیں گے۔عمران خان


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ  افغانستان کے منجمد اثاثوں کی بحالی اور افغانستان کی حکومت کو تسلیم کرانے کے لیے ازبکستان کے ساتھ مل کر مہم چلائیں گے۔

نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ازبک صدر کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانزٹ ٹریڈ سے پاکستان اور ازبکستان کو فائدہ ہوگا، ٹرانزٹ ٹریڈ سے افغانستان کے لوگوں کو بہت زیادہ فائدہ ہوگا۔وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان کے اثاثے منجمدہیں چاہتے  ہیں ٹرانزٹ ٹریڈ سے کابل کوفائدہ ہو، پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات سے سیاحت اور تجارت بڑھے گی۔

انہوں نے کہا کہ اسلاموفوبیا سے متعلق مسلم ممالک کومل کراقدامات اٹھانے چاہئیں، آزادی اظہار کے نام پرمسلمانوں کوتکلیف پہنچائی جاتی تھی۔وزیراعظم نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم ہورہے ہیں جس سے ازبک صدر کو آگاہ کیا، چاہتے ہیں اقوام متحدہ بھارت سے متعلق قراردادوں پر عمل کرائے۔دوسری جانب ازبک صدر نے کہا کہ گرمجوشی سے استقبال پر وزیراعظم عمران خان اور پاکستان کے مشکور ہیں، ازبکستان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دورہ پاکستان کا شدت سے انتظار تھا مگر کورونا کی وجہ سے تاخیر ہوئی، پاکستان اورازبکستان ثقافتی شعبوں کی بحالی کے لیے مل کرکام کریں گے، پاکستان کیساتھ اسٹریٹیجک تعاون کے یفروغ کیلئے  کام کررہے ہیں۔ازبک صدر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کیساتھ مختلف امورپرگفتگوتعمیری رہی،پاکستان کیساتھ اقتصادی اورتجارتی سطح پرتعلقات کے لیے اقدامات کریں گے۔