مقبوضہ کشمیر میں شدید سردی و برفباری کے باوجود قابض فوج کے کریک ڈاؤن جاری ،کئی کشمیری نوجوان گرفتار


سرینگر:مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے برفباری اور شدید سردی کے باوجود اپنے نام نہاد تلاشی آپریشنز جاری رکھے ہوئے ہیں اس دوران کشمیریوں کی سخت سردی میں اپنے گھروں سے باہر نکال کر ان کی شناختی پریڈ کرائی جاتی ہے،مختلف مقامات پر کریک ڈاو ن کے دوران کئی کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا

کے پی آئی کے مطابق وادی کے طول وعرض میں قابض بھارتی فوج کے آپریشنز جاری ہیں ،کئی علاقے بھارتی فوج کے مسلسل محاصرے میں ہیں اس دوران  بھارتی فوج نے ضلع کپواڑہ میں دو نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔

رشید احمد پیر اور عادل حسین شاہ نامی نوجوانوں کو ضلع کے علاقے لولاب سے گرفتار کیا گیا۔گرفتار نوجوانوں پر مجاہدین کے کارندے ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔ جنوبی کشمیر کے مختلف مقامات پر بھی بھارتی فو ج نے اس طرح کی کارروائیوں میں کئی کشمیریوں کو گرفتار کیا۔