کراچی ( صباح نیوز) کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) نے سینئر صحافی اور سما ٹی وی کے پروڈیوسر اطہر متین کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سی پی این ای کے صدر کاظم خان اور سیکریٹری جنرل عامر محمود نے کراچی میں سما ٹی وی کے پروڈیوسر اورصحافی اطہر متین کے قتل کے اندوہناک واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گنجان آبادی میں دن دہاڑے صحافی کا قتل ریاست کی ناکامی اور صحافیوں کے جان و مال کے تحفظ کی فراہمی کے حکومتی دعوؤں پر سوالیہ نشان ہے۔ صحافیوں کے تحفظ کے لئے حکومتی سطح پر کوئی حکمت عملی نظر نہیں آتی جبکہ صحافیوں کے تحفظ کے لئے حکومتی بلند و بانگ دعوؤں اور کھوکھلے قوانین کے باوجود عملی طور پر صحافی بے یار و مددگار اور ہر لمحہ بندوق کے نشانے پر صحافتی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔ کراچی میں اسٹریٹ کرائم، بدامنی اور ڈاکہ زنی کی کھلم کھلا وارداتوں کے نتیجے میں آج ایک اور صحافی نشانہ بن گیا ہے۔
سی پی این ای کے رہنماؤں نے اپنے مذمتی بیان میں سندھ حکومت اور وفاقی حکومت سے صحافی اطہر متین کے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کرنے اور اسٹریٹ کرائم کے خاتمے سمیت صحافیوں کے تحفظ کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جبکہ صحافی اطہر متین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔