سری نگر:مقبوضہ کشمیر کے سرکردہ صحافی فہد شاہ کی غداری کے مقدمے میں گرفتاری کے بعد ایک اور کشمیری صحافی گوہر گیلانی کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوگئے ہیں۔ ایگزیکٹو مجسٹریٹ فرسٹ کلاس شوپیاں کی عدالت نے گوہر گیلانی کی گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا ہے۔
عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ گوہر گیلانی کو گرفتار کر کے 19 فروری 2022 کو عدالت میں پیش کیا جائے۔ گوہر گیلانی کے خلاف بھی شوپیاں میںجعلی مقدمہ درج ہے ۔ اس سے قبل فہد شاہ اور دوسرے3 صحافیوں، ماجد حیدری، کامران یوسف اور وقار سید کو جنوبی کشمیر کے پولیس اسٹیشن بلا کر ہراساں کیا گیا تھا اور کئی گھنٹے تک ان سے سوالات کیے گئے تھے۔
فہد شاہ کو بعد ازاں گرفتار کر لیا گیا تھا۔فہد شاہ ،گوہر گیلانی،ماجد حیدری، کامران یوسف اور وقار سید کے خلاف حال ہی میں پلوامہ ضلع میں بھارتی فوج کی کارروائی میں 17 سالہ عنایت احمد،اور زاہد احمد وانی، سمیت 4 بے گناہ نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کے خلاف آواز اٹھانے پر مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
پولیس اسٹیشن پلوامہ میں ایف آئی آر نمبر 18/2022 انڈر سیکشن 307 IPCV، 7/25 IA ایکٹ، اور دفعہ 16, 18,20,38 ULA(P)A کے تحت درج بغاوت کا مقدمہ درج ہے ۔کے پی آئی کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے صحافیوں کو جھوٹے الزامات کے تحت قید وبند کا سامنا ہے ۔ اس سے قبل آصف سلطان اور سجادگل کو گرفتار کیا گیا تھا وہ ان دنوں جیل میں ہیں۔