سندھ ہائیکورٹ نے ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے

کراچی (صباح نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے مرحوم ملازم کے واجبات کی عدم ادائیگی پر ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) اور کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی(کے ڈی اے) کے خلاف درخواست پر عدم پیشی پر ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) کے ڈی اے کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔ عدالت عالیہ نے ڈی جی کے ڈی اے کو 25 ہزار روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔

سندھ ہائیکورٹ نے ایس ایس پی شرقی کو وارنٹ کی تعمیل کا حکم دیا۔عدالت عالیہ نے کہا ڈی جی کے ڈی اے گذشتہ سماعت پر بھی نہیں آئے، نہ ہی شوکاز کا جواب دیا، مرحوم ملازم پہلے ایم ڈی اے میں تھے، وہاں سے کے ڈی اے آ گئے تھے۔ ایم ڈی اے نے مرحوم ملازم کے واجبات کے ادائیگی کیلئے مہلت کی استدعا کی۔ عدالت عالیہ نے ایم ڈی اے کو 18جنوری تک واجبات عدالت میں جمع کروانے کا حکم دے دیا۔