اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات ہوئی جس میں فنڈز کے اجرا پر گفتگو کی گئی۔ مراد علی شاہ کے ہمراہ نوید قمر، وزیر منصوبہ بندی سندھ، چیف سیکرٹری سندھ بھی موجود تھے، ملاقات میں چیئرمین پی اینڈ ڈی سندھ، سیکرٹری خزانہ سندھ، وزیر خزانہ اور متعلقہ وفاقی ڈویژنز کے سیکرٹریز نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر سندھ کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام میں شامل جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا،
ملاقات میں نظرثانی شدہ منصوبوں پر عملدرآمد اور منظوری سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ منظور شدہ لاگت کے اندر منصوبوں کی بروقت تکمیل صوبہ سندھ کی ترقی اور آبادی کی بہتری کے لیے ناگزیر ہے۔اسحاق ڈار نے وزیر اعلی سندھ کو وفاقی حکومت کے تمام منظور شدہ منصوبوں کے لیے فنڈز کے مکمل اور بروقت اجرا کو یقینی بنانے کے عزم کا یقین دلایا۔ وزیر خارجہ نے یقین دلایا کہ جاری منصوبوں کی لاگت میں کسی بھی قسم کے اضافے پر فیصلہ کے لیے CDWP اور ECNECکی جانب سے تیزی سے غور کیا جائے گا۔