کراچی ((صباح نیوز) ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر اور سابق ایم این اے اسداللہ بھٹو نے علماء کرام سے اپیل کی ہے کہ وہ 17 جنوری کو اپنے جمعے کے خطبے میں اپر سندھ میں امن و امان کی مخدوش صورتحال کو اجاگر، حکومتی نااہلی اور بدامنی کے خلاف عوام کا شعور بیدار کرنے کے لیے اپنا بھرپورکردار ادا کریں۔
انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ سکھر میں جماعت اسلامی کی جانب سے بدامنی اور ڈاکوراج کیخلاف منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس وقت کی ضرورت تھی، امید کی جا سکتی ہے کہ اس اے پی سی کے نتیجے میں حکمران ٹولہ بیدار اور امن و امان کی بحالی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
اسداللہ بھٹو نے مزید کہا کہ امن و امان کی خراب صورتحال کی وجہ سے روزمرہ کی زندگی، کاروبار، تعلیم شدید متاثر جبکہ اس سے پورے ملک میں سندھ کی امن اور محبت کی شناخت کو بھی مسخ کیا جا رہا ہے لہذا علماکرام بھی اپنے جمعے کے خطبے میں اس سنگین صورتحال پر خطاب اور عوام کو بھی اس کا شعور دیں تاکہ وہ ظلم اور ناانصافی کے خلاف اپنا مزاحمتی کردار ادا کرسکیں۔