راولپنڈی (صباح نیوز)ترجمان پاک فوج نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کا پاکستان کو دہشتگردی کا مرکز قرار دینا حقائق کے منافی ہے اور بھارتی آرمی چیف کے ریمارکس بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے،
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کا بیان بھارت کے پٹے ہوئے موقف کے مردے گھوڑے میں جان ڈالنے ناکام مشق ہے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنرل افسر نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر انتہائی وحشیانہ جبر کی ذاتی طور پر نگرانی کی، بھارتی آرمی چیف کے ریمارکس بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق یہ اندرونی طور پر اقلیتوں پر جبر اور بھارت کے بین الاقوامی جبر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، ایسے سیاسی،غلط بیانات بھارتی فوج کو سیاست زدہ سوچ کی عکاسی کرتے ہیں، پاکستان ایسے بے بنیاد بیانات کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔