اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات کا عمل جاری ہے، الیکٹرک گاڑیوں کی عوام تک رسائی کے لیے چارجنگ اسٹیشنز کے قواعد و ضوابط بنا لیے ہیں، ای وی اسٹیشنز کا بجلی کا ٹیرف 45 فیصد کم کردیا ہے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ سال 2023 کے 5 ماہ جولائی سے نومبر کے مقابلے سال 2024 میں گردشی قرضے میں کمی آئی، اس عرصے کے دوران ہماری کارکردگی بہتر رہی، تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) نے سال 2023 کے ان مہینوں کے دوران 223 ارب کا نقصان کیا جو سال 2024 کے مذکورہ مہینوں میں 170 ارب سے بڑھنے نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کابینہ کمیٹی برائے توانائی میں وزیراعظم نے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے تمام انڈسٹریل زونز کو مساوی بنیادوں پر بجلی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا، تمام صنعتی اور اقتصادی زونز سے متعلق طریقہ کار کو تبدیل کیا ہے۔اویس لغاری کا کہنا تھا کہ الیکٹرک گاڑیوں کی لوگوں تک رسائی کے لیے ای وی چارجنگ اسٹیشنز کے قواعد و ضوابط بنا لیے ہیں، گاڑیوں کے لیے چارجنگ اسٹیشنز کا ٹیرف 45 فیصد کم کردیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ چارجنگ اسٹیشنز کا ٹیرف 71 روپے 10 پیسے کم کرکے 39 روپے 70 پیسے کر رہے ہیں، چارجنگ اسٹینشز کا این او سی 15 دنوں میں جاری کیا جائے گا، ہر محلے میں چارجنگ اسٹیشن ہوگا، ای پورٹل کے ذریعے اس حوالے سے اجازت دی جائے گی، 18 سے 20 لاکھ روپے اور ڈیڑھ کروڑ تک سرمایہ لگا کر اس کاروبار کو شروع کیا جاسکتا ہے۔وفاقی وزیر توانائی نے مزید کہا کہ بین الاقوامی سطح پر اسے بہت بڑی کامیابی سمجھتے ہیں، اچھے ماحول کی طرف مثبت اقدام ہے، موٹرسائیل، رکشوں، 800 سی سی کی چھوٹی گاڑیوں کے متبادل کے طور پر یہ اقدام عوام کے لیے ایک بہت بڑا موقع ہے۔
اویس لغاری نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں بڑی حد تک کمی لائی ہے، آئی پی پیز سے لے کر ڈسکوز کی نجکاری تک ہم نے حکومت نے آنے کے بعد ہر مرحلے پر خود کو ثابت کیا ہے، خصوصی سہولت سرمایہ کاری کونسل (ایس آئی ایف سی) کا سازگار ماحول فراہم کرنے میں بہت بڑا کردار رہا ہے۔انہوں نے دعوی کیا کہ اگلے چند ماہ میں پاکستان خطے میں سستے ترین بجلی فراہم کرنے والا ملک بن جائے گا،اویس لغاری نے کہا کہ حکومت سستی بجلی کے لیے دن رات کام کررہی ہے، ڈسٹریبیوشن کمپنیوں نے پچھلے سال 223 ارب روپے کا نقصان کیا، لیکن اب اس میں کمی آئی ہے، جولائی تا نومبر 2024 میں ہماری پرفارمنس 380 ارب روپے بہتر رہی ہے۔ اویس لغاری نے کہا کہ ہم نے 5 ماہ مین اس نقصان کو 170 ارب روپے سے بڑھنے نہیں دیا، تمام انڈسٹریل اسٹیٹس کو ایک ہی جگہ سے بجلی ملے گی۔انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل اور تھری ویلرز کے لیے 6 ارب ڈالر کا فیول درآمد کیا جاتا ہے، گلی محلوں میں چارجنگ اسٹیشنز قائم ہونے اور بجلی کے نرخوں میں کمی سے پیٹرولیم مصنوعات کی نسبت 3 گنا زیادہ فائدہ ہوگا، الیکٹرک موٹرسائیکل پر شفٹ ہوں گے، جس سے 100 روپے سے کم خرچ آئے گا، چارجنگ اسٹیشن کے طریقہ کار کا آسان بنا رہے ہیں۔