انسانی سمگلنگ کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی ہو گی،شہبازشریف

اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ،  انسانی سمگلنگ کا مکروہ دھندہ چلا کر ملکی ساکھ کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف انتہائی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں انسانی سمگلنگ کے خاتمے کیلئے کئے گئے اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا ،اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے  ۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ انسانی سمگلنگ کے خاتمے کے لئے  تمام ادارے فعال کردار ادا کریں،  انسانی سمگلنگ کا مکروہ دھندہ چلا کر ملکی ساکھ کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف انتہائی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی،  

وزیراعظم  نے  ایف آئی اے میں افرادی قوت کی کمی کو فوری طور پر پورا کرنے کی ہدایت کر تے ہوئے کہا کہ  ہوائی اڈوں پر بیرون ملک سفر کرنیوالوں کی سکریننگ کا معیاری نظام قائم کیا جائے  وزیراعظم نے وزارت اطلاعات و نشریات کو غیر قانونی بیرون ملک سفر اور انسانی سمگلنگ کے بارے میں موثر آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی ہے ، وزیراعظم نے ایف آئی اے کو بیرون ملک انسانی سمگلنگ کا مکروہ دھندہ چلانے والے انتہائی مطلوب سمگلروں کی حوالگی کے  لئے  انٹرپول سے تعاون حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے ،اجلاس میں انسانی سمگلروں کے خلاف اب تک لئے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی،بریفنگ میں بتایاگیا کہ  جون 2023 اور دسمبر 2024 کے انسانی سمگلنگ کے واقعات میں متعدد انسانی سمگلر گرفتار ہو چکے ہیں، متعدد سہولت کار سرکاری اہلکار برطرف ہو چکے ہیں اور کئی تادیبی کارروائی کا سامنا کر رہے ہیں، انسانی سمگلنگ میں ملوث سرکاری اہلکاروں کے خلاف تعزیری اقدامات لئے جا رہے ہیں، انسانی سمگلروں کے 500 ملین روپے سے زائد کے اثاثے ضبط ہو چکے ہیں اور مزید ضبط کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے، انسانی سمگلروں کے استغاثہ کے عمل کے لئے خصوصی پراسیکیوٹر تعینات ہو چکے ہیں۔