اسلام آباد(کے پی آئی)قائد تحریک آزادی جموں وکشمیر مرحوم سید علی گیلانی کی زندگی پر ایک دستاویزی فلم تیار ہو گئی ہے ۔ کئی کتابوں کے مصنف اور شعلہ بیان مقررمرحوم سید علی گیلانی مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کے خلاف مزاحمتی تحریک میں سیاسی جدوجہد کی علامت تصور کیے جاتے ہیں۔
سید علی گیلانی 92 سال کی عمر میں یکم ستمبر2021 کو حیدر پورہ سری نگر میں دوران نظر بندی اپنے گھر میں انتقال کر گئے تھے ۔ مرحوم سید علی گیلانی کی زندگی پر ایک دستاویزی فلم جریدے کشمیر الیوم نے تیار کی ہے۔ کشمیر الیوم کے چیف ایڈیٹر شیخ امین نے بتایا ہے کہ دستاویزی فلم مرد لازوال، امام سید علی گیلانی تاریخ کے طالب علموں، محققوں اور آزادی کی تحریکوں کو سمجھنے اور سمجھانے والوں کے لیے ایک بیش بہا تحفہ ہے۔55 منٹ کی دستاویزی فلم میں علی گیلانی کی 92 سالہ زندگی کے نشیب وفراز بیان کیے گئے ہیں۔کے پی آئی کے مطابق سید علی گیلانی 29 ستمبر 1929 کو پیدا ہوئے اور وہ تحریک حریت جموں و کشمیر کے ساتھ ساتھ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین بھی تھے۔
انہوں نے کئی سالوں تک کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد کی قیادت کی۔وہ پہلے جماعت اسلامی جموں و کشمیر کے رکن تھے لیکن بعد میں انہوں نے تحریک حریت کے نام سے اپنی جماعت قائم کی تھی۔وہ 1972، 1977 اور 1987 میں تین مرتبہ جموں و کشمیر کے حلقہ سوپور سے مقبوضہ کشمیر اسمبلی کے رکن بھی منتخب ہوئے تھے۔بھارتی جبر اور تسلط کے خلاف ڈٹے رہنے والے سید علی گیلانی نے یکم ستمبر2021 کو وفات پائی جب وہ گزشتہ 11سال سے گھر میں نظر بند اور کئی ماہ سے علیل تھے۔
انہوں نے 1960 کی دہائی میں کشمیر کے پاکستان سے الحاق کی تحریک شروع کی اور رکن اسمبلی کی حیثیت سے بھارت سے آزادی کا بھی مطالبہ کیا۔وہ 1962 کے بعد 10سال تک جیل میں رہے۔2020 میںحریت کانفرنس کے سربراہ کے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے جس کے وہ 1993 میں قیام کے بعد سے رکن تھے جبکہ 2003 میں انہیں اس تحریک کا تاحیات چیئرمین منتخب کر لیا گیا تھا۔ شیخ امین کے مطابق مرحوم سید علی گیلانی کی زندگی پر دستاویزی فلم جمعہ کے روز سے سوشل میڈیا پر دستیاب ہوگی۔