واشنگٹن،ٹورنٹو،لندن (صباح نیوز) امریکہ ، کینیڈا اور برطانیہ میں حالیہ برفباری اور طوفانی بارشوں نے شدید سردی کی لہر کے ساتھ نظام زندگی کو مفلوج ہوکررہ گیا ۔ امریکہ میں آگ کے بعد برفانی طوفان نے تباہی مچادی، خاص طور پر جنوبی اور وسطی ریاستوں میں برفباری اور طوفانی بارشوں کی وجہ سے سڑکوں، پروازوں اور تعلیمی اداروں کی بندش ہوگئی ۔ ٹیکساس، اوکلاہوما اور آرکنساس میں شدید برفباری اور بارش نے حالات کو مزید سنگین بنا دیا ہے، اور حکام نے برفانی طوفان کے مزید آنے کی وارننگ جاری کی ہے۔کینیڈا میں سخت سردی اور مہنگائی نے شہریوں کی زندگی کو مشکل بنا دیا ہے۔
شدید برفباری کے سبب بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی اور متعدد راستے بند ہوگئے جس سے دیہی علاقوں سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ بس سروس بھی متاثر ہوئی اور پروازوں کی روانگی میں خلل آیا ہے۔
برطانیہ میں بھی موسم سرما کی شدت نے سب کو متاثر کیا ہے، جہاں شمالی سکاٹ لینڈ کے علاقے ہیملٹ میں درجہ حرارت منفی 18.9 ڈگری تک گر گیا۔ مڈلینڈز اور مشرقی انگلینڈ میں بھی درجہ حرارت منفی 10 ڈگری تک پہنچا ۔ شدید سردی کی لہر کی وجہ سے دفاتر اور سکولز بند ہوگئے اور محکمہ موسمیات نے اگلے ہفتے تک سردی کی شدت برقرار رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ان شدید موسمی حالات کے باعث، لاکھوں افراد کو روزمرہ زندگی میں مشکلات کا سامنا ہے اور متاثرہ علاقوں میں حکومتیں امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔