چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا قذافی سٹیڈیم کا دورہ،تعمیراتی کاموں کاجائزہ لیا

لاہور(صباح نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے قذافی سٹیڈیم کا اچانک دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے مین بلڈنگ کے فنشنگ کاموں کا معائنہ کیا اور اس موقع پر انہوں نے فنشنگ ورک کو ہر صورت جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے پراجیکٹ پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈرینج ورک کو بھی مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ انشا اللہ جدید سہولتوں سے آراستہ قذافی سٹیڈیم رواں ماہ مکمل ہو جائے گا۔ محسن نقوی نے کہا  کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے لئے سٹیڈیم کی تعمیر نو کا کام تیزی سے جاری ہے، شائقین کرکٹ کے لئے نئی کرسیاں اور نئی ایل ای ڈی لائٹس لگائی جا رہی ہیں۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ شائقین میچ کے ساتھ لیزر لائٹ شو سے بھی محظوظ ہو سکیں گے، نئی سکور سکرینز کی تنصیب کا کام بھی جاری ہے۔انہوںنے کہا کہ پی سی بی چیمپئنز ٹرافی کو یادگار ایونٹ بنانے کے لئے تیار ہے۔