بیجنگ (صباح نیوز)پاک چین اقتصادی راہداری کے بین الاقوامی تعاون اور ہم آہنگی کے جوائنٹ ورکنگ گروپ کا پانچواں اجلاس بیجنگ میں منعقد ہوا۔اس اجلاس کی مشترکہ صدارت سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور چین کے نائب وزیر خارجہ سن وی ڈونگ نے کی۔اجلاس میں دونوں فریقوں نے گزشتہ سال جنوری میں اسلام آباد میں ہونے والے جوائنٹ ورکنگ گروپ کے چوتھے اجلاس کے بعد ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا اور اس پر اطمینان کا اظہار کیا۔دونوں فریقین نے سی پیک کے دوسرے مرحلے کے معیار اور ترقی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
اس مرحلے میں صنعتی ترقی، خصوصی اقتصادی زونز کے علاوہ صاف توانائی، زراعت اور معاشی فلاحی منصوبوں کے فروغ پر زور دیا گیا ہے۔ اجلاس میں سی پیک کے علاقائی رابطے، مشترکہ فلاح و بہبود اور تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار کو سراہا گیا۔پاکستان کی سیکرٹری خارجہ نے سی پیک کو پاک۔چین اقتصادی تعاون کی بنیاد اور دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دوستی کی روشن علامت قرار دیا۔چین کے نائب وزیر خارجہ نے سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت متعارف کرائے گئے پانچ نئی راہداریوں کی باہمی معاونت پر روشنی ڈالی، جو برآمدات، ای۔پاکستان، توانائی، ماحولیات اور مساوات کے تصورات پر مشتمل ہیں۔دونوں فریقوں نے میڈیا، ثقافتی تبادلے اور عوامی سطح پر روابط کے شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔۔