غزہ(صباح نیوز) اسرائیلی فوج کے حملوں میں جنوری2025 کے پہلے 9 دنوں میں490فلسطینی شہید ہو گئے ہیں ۔فلسطینی وزارت صحت کے مطابق سات اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد46,006 ہو گئی ہے تاہم دی لانسیٹ طبی جریدے میں شائع ہونے والی تحقیق میں اندازہ لگایا گیا ہے کہ پہلے 9 ماہ کے دوران غزہ میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد فلسطینی وزارت صحت کے ریکارڈ کے مقابلے میں 40 فیصد زیادہ ہے۔
نئی تحقیق میں وزارت صحت کے ڈیٹا، آن لائن سروے اور سوشل میڈیا پر شائع تعزیتی پوسٹوں کو اکٹھا کرنے کے بعد اندازہ لگایا گیا ہے کہ غزہ میں اب تک شدید زخموں کے نتیجے میں 55 ہزار 298 اور 78 ہزار 525 کے درمیان اموات ہو چکی ہیں۔اس تحقیق کے مطابق یہ تعداد غزہ کی جنگ سے پہلے کی آبادی کا دو اعشاریہ 9 فیصد ہے، یعنی تقریبا ہر 35 افراد میں سے ایک شخص۔برطانیہ کی زیر قیادت محققین کے گروپ نے اندازہ لگایا کہ 59 فیصد اموات خواتین، بچوں اور عمر رسیدہ افراد کی تھیں۔یہ تعداد صرف تکلیف دہ زخموں سے ہونے والی اموات کی ہے، اس میں صحت کی دیکھ بھال یا خوراک کی کمی یا ہزاروں لاپتہ افراد کو شامل نہیں کیا گیا جو ملبے کے نیچے دبے ہوئے ہیں۔۔جمعرات کو غزہ کی وزارت صحت نے کہا کہ 15 ماہ کی جنگ میں 46 ہزار اور چھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
محققین نے اعدادوشمار کے لیے ایک طریقہ استعمال کیا، جسے کیپچر۔ ریکیپچر کہا جاتا ہے۔ یہ طریقہ دنیا بھر میں تنازعات میں ہونے والی اموات کا اندازہ لگانے کے لیے استعمال ہو چکا ہے۔تحقیق میں تین مختلف فہرستوں کے اعداد و شمار کا استعمال کیا گیا، پہلی فہرست غزہ کی وزارت صحت کی طرف سے فراہم کی گئی۔ یہ فہرست ہسپتالوں اور مردہ خانوں سے بنائی گئی تھی۔دوسری فہرست وزارت صحت کی جانب سے شروع کیے گئے ایک آن لائن سروے کی تھی جس میں فلسطینی شہریوں نے رشتہ داروں کی ہلاکت کی اطلاع دی تھی۔تیسری فہرست ایکس، انسٹاگرام، فیس بک اور واٹس ایپ سے پر تعزیتی پوسٹوں سے مرتب کی گئی۔