کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق نے وائس چیئر مین یوسی4 ندیم اختر اور دیگر ذمہ داران کے ہمراہ گزشتہ روز شاہ فیصل کالونی میں کھلے مین ہولز میں گر کر جاں بحق ہونے والے کمسن عباد کی پنجاب گرائونڈ شاہ فیصل کالونی میں ادا کی جانے والی نماز جنازہ میں شرکت کی ، بچے کے اہل خانہ سے ملاقات و تعزیت کی ۔
بعد ازاں محمد فاروق نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئیبچے کی موت کے حوالے سے قابض میئر و سندھ حکومت کی نا اہلی و ناقص کارکردگی اور مجرمانہ غفلت و لاپرواہی کی شدید مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ، شہر بھر میں کھلے تمام مین ہولز پر ڈھکن لگائے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ذرا سوچیں کہ ان والدین پر کیا گزری ہوگی جن کا بچہ تھا ،اس واقعے کی ذمہ داری قابض میئر کراچی مرتضی وہاب پر عائد ہوتی ہے۔واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی لاپرواہی اور غفلت نے اس کمسن بچے کی جان لی ہے۔شہر میں پے در پے ایسے واقعات پیش آرہے ہیں لیکن انتظامیہ خواب غفلت میں ہے اور بچے مررہے ہیں۔بارہا انتظامیہ کومختلف علاقوں میں کھلے مین ہولز کے بارے میں شکایات کی ہیں تاہم کوئی شنوائی نہیں ہوئی ۔