حکومت پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے ،شازیہ مری


کراچی (صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا ہے کہ حکومت فوری طورپر پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے ،ب وقت آگیا ہے کہ ہم کوئی طریقہ نکال کر اس حکومت سے نجات حاصل کریں، پیکا کے بل کے تحت حکومت ان لوگوں کو اٹھارہی ہے جو ان سے اتفاق نہیں کرتے،محسن بیگ نے غلط پالیسز کی بات کی تو انہیں گرفتار کر الیا گیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوامی مارچ شروع کرنے جارہی ہے، 27 فروری کو صبح 10 بجے قائد اعظم کے مزار سے ہم اپنا یہ سفر شروع کریں گے، ہم اپنے پلان کے حوالے سے آگے بھی آگاہ کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں بلاول بھٹو مارچ کے دوران ناصر باغ میں خطاب کریں گے، 7 مارچ کو راولپنڈی میں بھی خطاب ہوگا اور 8 مارچ کو ہم اسلام آباد میں ہوں گے، یہ سفر صرف پیپلزپارٹی کا سفر نہیں ، آج ہم سب سفر کر رہے ہیں، سب لوگ پریشان ہیں، یہ قافلہ پورے پاکستان کا مارچ ہے، آئیں مل کر اسلام آباد کا رخ کریں۔

انہوں نے کہا کہ 8 مارچ کے بعد کیا لائحہ عمل ہوگا وہ بتادیا جائے گا،ہم پی ٹی آئی کی طرح پی ٹی وی پر حملہ نہیں کریں گے اور نہ ہی کوئی دیوار یا دروازہ پھلانگیں گے،پیپلزپارٹی نے کبھی بھی تشدد کو سیاست نہیں سمجھا، ہمارا مارچ ایک عوامی مہم ہے۔شازیہ مری نے صحافی محسن بیگ کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جب محسن بیگ نے غلط پالیسز کی بات کی تو انہیں گرفتار کر الیا گیا، پیکا کے بل کے تحت حکومت ان لوگوں کو اٹھارہی ہے جو ان سے اتفاق نہیں کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے لیے بری خبر آئی ہے،پیٹرول کی قیمت میں اس سلیکٹڈ حکومت نے اضافہ کیا، ہم پیٹرول کی قیمت میں اضافے کی سخت مذمت کرتے ہیں، روز کی بنیاد پرمحنت کشوں کے زخموں پر نمک چھڑکا ئوجارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈھول پیٹتے ہیں کہ پاکستان خطے میں سستا ترین ملک ہے،دنیا کے تیسرے یا چوتھے نمبر پر پاکستان مہنگا ترین ملک ہے، مہنگائی میں پے در پے اضافہ کیا جارہا ہے، فوری طور پر پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے۔