اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے مسلم دنیا کی عظیم لیڈر، دختر مشرق اور سابق وزیراعظم، شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کی 17 ویں برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آج ہم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 17 ویں برسی پر ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں جمہوریت، مساوات اور انسانی حقوق کے لیے ایک نئی مثال قائم کی۔ ان کی سیاسی جدوجہد اور اصولوں پر مبنی قیادت پاکستان کے عوام کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گی۔
چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر اس عزم کو مضبوط کیا کہ جمہوریت ہی ہماری ترقی کا واحد راستہ ہے۔سید یوسف رضا گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ہر قسم کے جبر اور آمریت کا دلیرانہ مقابلہ کیا اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی۔ وہ خواتین کے حقوق، تعلیم، صحت اور معاشی ترقی کے لیے سرگرم رہیں اور اپنی قیادت کے ذریعے نوجوان نسل کو یہ درس دیا کہ قومی اتحاد اور حب الوطنی سے ہر چیلنج کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ ان کی بصیرت اور جرات آج بھی ہمیں متحد اور منظم رہنے کی تحریک دیتی ہیں۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہمیں اس دن کے موقع پر یہ عہد کرنا ہوگا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ پاکستان کو ایک ترقی یافتہ، خوشحال اور جمہوری ریاست بنانے کے لیے ان کے مشن کو جاری رکھیں گے۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ ہم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو سلام پیش کرتے ہیں اور ان کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ اللہ تعالی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔ آمین۔