قازقستان طیارہ حادثہ، 35 افراد ہلاک، 32 کو بچا لیا گیا،صدر زرداری او ر وزیراعظم کا حادثے پر اظہار افسوس

آستانہ،اسلام آباد(صباح نیوز)قازقستان میں آذربائیجان کے طیارہ حادثے میں 35 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 32 افراد کو زندہ بچا لیا گیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق طیارے میں 62 مسافروں سمیت عملے کے 5 افراد سوار تھے، طیارے میں موجود دونوں پائلٹس کی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی۔طیارے میں موجود بلیک باکس کی تلاش جاری ہے ، طیارے میں آذربائیجان کے 37، قازقستان کے 6، کرغزستان کے 3 اور روس کے 16 شہری سوار تھے۔حادثے کا شکار طیارہ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے روس کے زیر تسلط ریاست جمہوریہ چیچن کے دارالحکومت گروزنی جا رہا تھا لیکن دھند کی وجہ سے طیارے کا راستہ تبدیل کیا گیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق پرندہ ٹکرانے کے باعث طیارے نے ہنگامی لینڈنگ کی، طیارے کے تباہ ہوتے ہی اس میں آگ بھڑک اٹھی اور دھواں نکلنے لگا۔عینی شاہدین نے بتایا کہ حادثے سے قبل طیارے نے اکتا ایئرپورٹ کے اوپر کئی چکر بھی لگائے تھے، حادثے کی وجوہات کے تعین کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی،علاو ہ ازیں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قازخستان کے شہر اکتا کے قریب آذربائیجان کے مسافر طیارے کے حادثے پر افسوس کا اظہار کیاہے۔

ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اِظہار تعزیت کیا۔صدر مملکت نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف، حکومت اور عوام کے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ہمدردیاں جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں،دکھ کی اس گھڑی میں متاثرین کے غم میں برابر کے شریک ہیں،وزیراعظم شہباز شریف نے بھی آذربائیجان کے طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے شہباز شریف نے آذربائیجان کی عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے لکھا کہ آذربائیجان کے طیارے کے قازقستان میں حادثے کی خبر سن کر دکھ ہوا۔ عزیز بھائی، صدر آذربائیجان الہام علیوف اور آذربائیجان کی عوام سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔وزیراعظم نے دعا گو ہوتے ہوئے مزید لکھا کہ ہماری دعائیں مرحومین کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں، ہم زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں، پاکستان غم کی اس گھڑی میں آذربائیجان کے ساتھ کھڑا ہے۔