ملک میں افرتفری اور غیر یقینی صورتحال ہے ، کسی کی جان و مال محفوظ نہیں، سراج الحق

 پشاور (صباح نیوز) سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں افرتفری اور غیر یقینی صورتحال ہے خاص کر خیبر پختونخوا میں بد امنی ہے سڑکیں غیر محفوظ ہیں کسی کی جان و مال محفوظ نہیں اور یہی صورتحال صوبہ بلوچستان میں بھی ہے پاکستا ن کے حکمرانوں کو آئین پر مکمل عمل پیرا ہونا ہوگا تب جا کر مسائل حل ہونگے۔ مرکزی اور صوبائی حکومتیں اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ اندرون سندھ میں ڈاکوں کا راج ہے پنجاب میں بھی صورتحال ٹھیک نہیں

ان خیالات کا اظہار سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے پشاور میں حدیقتہ العلوم میں دستار بندی تقریب کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا وسطی عبدالوسع ،سابق ممبر قومی اسمبلی مولانا عبدالاکر چترالی سیکرٹری اطلاعات سید جماعت علی شاہ بھی موجود تھے

انہوں نے کہا کہ مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے جماعت اسلامی کا موقف ہے کہ تما م مکاتب فکر علما کے باہمی اتفاق رائے سے ایک مربوط طریقے سے رجسٹریشن کی جائے جس میں سب کی رائے شامل ہو، خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں بد امنی کی صورتحال مرکزی اور صوبائی دونوں حکومتوں کی کمزوری سے واقع ہوئی ہے جس کا فوری پر امن حل بہت ضروری ہے۔ پی ٹی آئی کے اصرار پر اپوزیشن کے اتحاد کے بارے میں جماعت اسلامی کا واضع موقف ہے کہ ملک میں صاف اور شفاف الیکشن کرائے جائیں اور جو پارٹی اکثریت میں آے اسے حکومت حوالے کی جائے۔